67سالوں سے اس ملک پر ایک مٹھی بھر کرپٹ اشرافیہ کی حکمرانی ہے،سراج الحق

ہفتہ 27 ستمبر 2014 17:36

67سالوں سے اس ملک پر ایک مٹھی بھر کرپٹ اشرافیہ کی حکمرانی ہے،سراج الحق

ٹنڈومحمدخان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2014ء) جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق نے کہاہے کہ 67سالوں سے اس ملک پر ایک مٹھی بھر کرپٹ اشرافیہ کی حکمرانی ہے یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے مغلوں اور انگریزوں کا ساتھ دیا اور پاکستان بننے کے بعد پاکستان کے بینکوں کے سرمایہ دار بن گئے ، جمہوری اور فوجی حکومت یہ لوگ ہر حکومت میں عیاشیاں کرتے ہیں اور ٹیکس عوام دیتی ہے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ٹنڈومحمدخان کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ، امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ نوازشریف کا اقوام متحدہ کی اسمبلی میں کشمیر کا ذکر قابل تحسین ہے ، لیکن انہیں یاد ہونا چاہیے کہ پاکستان کی بیٹی عافیہ صدیقی آمریکہ کی قید میں ہے اور ہم اپیل کرتے ہیں کہ نواز شریف عافیہ صدیقی کو اپنے ہمراہ پاکستان لائیں ، انہوں نے کہاکہ چودھری مخدوم خانزادے جاگیردار اور وڈیرے کبھی اسلامی نظام نہیں لاسکتے ، ہم اس ملک میں اسلامی انقلاب اور خلافت راشدہ چاہتے ہیں ، قائد اعظم کا پاکستان اس وقت خطرے میں ہے اور لوگ اسے تقسیم کرنا چاہتے ہیں ، آج پاکستان کا ہر بچہ ورلڈ بینک کا مقروض ہے ،سندھ کو تقسیم کرنے کی تجویز سندھی عوام کو لڑانے کی سازش ہے ، جو نظا م چار صوبے نہیں چلا سکتا وہ 20صوبے کیسے چلائیگا ، ، سراج الحق نے کہاکہ وی آئی پی کلچر کا خاتمہ وقت کی ضرورت ہے ، وی آئی پی کلچر والے کبھی بھی عوام کے مسئلے حل نہیں کر سکتے یہ کیسا ملک ہے جہاں کتے پلاؤ کھاتے ہیں اور غریبوں کے بچے کچھرے کے ڈھیر میں اپنا رزق تلاش کرتے ہیں ، امیر جماعت اسلامی کا مزید کہناتھا کہ ہماری قوم تبدیلی اور اسلامی انقلاب کیلئے تیار ہے ، نیا پاکستان بنانے کی وجہ اسلامی پاکستان بنانے کی ضرورت ہے ، ٹنڈومحمدخا ن کی دونوں شوگر ملوں کی بندش کی سخت الفا ظ میں مذمت کرتے ہوئے ، سراج الحق نے کہاکہ اس سے مالکان کو کوئی فرق نہیں پڑیگا بلکہ سینکڑوں غریب مزدور دو وقت کی روٹی سے محروم ہوجائیں گے اور بیروزگاری میں اضافہ ہوگا ، اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماء اسد اللہ بھٹو ، محمد حسین محنتی ،سندھ کے صدر میراج الہدی ٰ صدیقی ، ٹنڈومحمدخان کے امیر فاروق احمد نظامانی ، یوسف جمالی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :