نیسپاک کی برطانیہ میں اہم کامیابی،یوکے میں رجسٹریشن مکمل،

اہم پیش رفت کے تحت پاکستانی کمپنی برطانیہ میں بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام کر سکے گی

ہفتہ 27 ستمبر 2014 19:32

نیسپاک کی برطانیہ میں اہم کامیابی،یوکے میں رجسٹریشن مکمل،

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2014ء) ایک اہم پیش رفت کے تحت نیسپاک نے برطانیہ میں کامیابی سے رجسٹریشن مکمل کر لی ۔ نیسپاک یوکے لمیٹید کے نام سے رجسٹرڈ ہونے والی یہ پاکستانی کمپنی اب برطانیہ میں ترقیاتی منصوبوں پر انجنئیرنگ مشاورتی خدمات فراہم کرسکے گی۔ یہ اہم کامیابی نیسپاک ایم ڈی امجد اے خان اور دو سینیر افسران کے حالیہ دورہ لندن کے دوران حاصل ہوئی۔

ایم ڈی نیسپاک نے مختلف برطانوی کمپنیز کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں اورممکنہ کاروبار کے حصول کے لیے مفصل گفتگو کی۔ اس دوران انھوں نے لندن میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر عمران مرزا سے بھی خیر سگالی ملاقات کی۔ پاکستانی سفیر نے لندن میں پاکستانی سفارت خانے میں نئے آفس بلاک کی تعمیر اور دیگر عمارتوں کی تزئین و آرائش کے لیے نیسپاک کی خدمات سے استفادہ حاصل کرنے میں خاصی دلچسبی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

نیسپاک اس حوالے سے ایمبیسی کو جلد ہی ایک پروپوزل جمع کرواے گی۔ برطانوی کمپنیز کے سربراہان سے ملاقاتوں کے دوران ایم ڈی نیسپاک نے انھیں کمپنی کی انجنئیرنگ مشاورتی صلاحیتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس دوران برطانیہ اور دیگر ممالک میں مشترکہ طور پر بزنس کے حصول پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ جس سے پاکستانی انجینئرزکے لیے برطانیہ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔

غیر ملکی ایگزیکیٹوز نے نیسپاک کی تعریف کی اور مشترکہ طور پر کام کرنے کی تجویزکو سراہا۔ جن کمپنیز کے ساتھ نیسپاک مشترکہ طور پر منصوبوں پر کام کرنے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دے رہی ہے ان میں رینائرگلوبل یوکے، براھپولڈ انجیئنرنگ، حیسکوننگ ڈی ایچ وی لمیٹڈ، موٹ مکڈونلڈ یوکے اور ایٹکنز گلوبل یوکے شامل ہیں۔ حکومت پاکستان کا ملکیتی ادارہ نیسپاک انجیئنرنگ مشاورتی کے شعبے میں ملکی اور غیر ملکی سطح پر بہترین پیشہ ورانہ خدمات فراہم کررہاہے۔

اس وقت 4200 سے زائد افرادی قوت اس ادارے سے منسلک ہے۔ یوکے میں منصوبہ جات ملنے کے بعد نیسپاک لندن میں اپنا آفس قائم کرے گی تب تک نیسپاک اپنی شریک فرموں کے دفاتر سے کام کا آغاز کرے گی۔یہ بھی طے کیاگیا کہ نیسپاک رینائر گلوبل یوکے کے ساتھ بہت جلد ایک اشتراکی معاہدہ سائن کرے گی جو کہ اسلام آباد میں وفاقی وزیر پانی و بجلی اور برطانوی ہائی کمشنر کی موجودگی میں کچھ ہی دنوں میں سائن کیا جاے گا۔

متعلقہ عنوان :