حافظ آباد، بااثر پولیس کانسٹیبل کا سسرالیوں سے زمین کا تنازعہ

بدلہ لینے کے لئے کانسٹیبل نے ساتھیوں سے مل کر دھان کی تیار فصل میں زہریلا کیمیکل ڈال دیا، لاکھوں روپے کی فصل تباہ

ہفتہ 27 ستمبر 2014 20:09

حافظ آباد، بااثر پولیس کانسٹیبل کا سسرالیوں سے زمین کا تنازعہ

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2014ء) بااثر پولیس کانسٹیبل کا سسرالیوں سے زمین کا تنازعہ ، بدلہ لینے کے لئے کانسٹیبل نے ساتھیوں کیساتھ مل کر دھان کی تیار فصل میں زہریلا کیمیکل ڈال دیا ، اہل علاقہ کی 15 ایکڑ سے زائد کی فصل تباہ ، لاکھوں روپے کی فصل تباہ ہونے پر اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے ، ایس ایچ او کسوکی کا تاحال مقدمہ درج کرنے سے انکار ، تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں بنجر کے رہائشی راشد ، سلیم ، مظفر خان ، عمران خان ، ریاض احمد ، قیصر وغیرہ نے ٹھیکے پر زمین لیکر وہاں دھان کی فصل لگا رکھی تھی ۔

گزشتہ روز بااثر پولیس کانسٹیبل اصغر علی چیمہ نے اپنے ساتھیوں سے مل کر مبینہ طور پر اپنے سسرالیوں سے زمین کا تنازعہ کا بدلہ لینے کے لئے گاؤں کے رہائشیوں کی تیار دھان کی فصل میں زہریلا کیمیکل ملا دیا جس سے پندرہ ایکڑ سے زائد تیار دھان کی فصل زہریلے کیمیکل کے باعث شدید متاثر ہوگئی جس پر اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے ایس ایچ او کسوکی کو تحریری درخواست دی مگر پولیس کی جانب سے تاحال مقدمہ درج نہ کیا گیا جس پر اہل علاقہ نے شدید احتجاج کیا ۔

(جاری ہے)

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پولیس کانسٹیبل بااثر ہے جس کی وجہ سے اِس کے خلاف کاروائی نہیں کی جا رہی ۔ اُس کا اپنے سسرالیوں کے ساتھ زمین کاتنازعہ مگراُس نے اہل علاقہ کے کھیتوں میں زہریلا کیمیکل ملا دیا اور دھمکیاں دیں کہ جو اُس کے سسرالیوں کا ساتھ دے گا اُس کا یہی انجام ہو گا ۔ اِس سلسلہ میں پولیس کانسٹیبل سے موقف کے لئے رابطہ کیا مگر کوئی معقول جواب نہ ملا ۔ ایس ایچ او کسوکی ارشد سیکھو کا کہنا ہے کہ اصغر علی ، شاہزیب علی ، حیدر علی ، بدر علی ،اسد علی وغیرہ کے خلاف کاروائی کے لئے درخواست موصول ہوئی ۔ ڈی ایس پی لیگل سے قانونی رائے لینے کے بعد ایف آئی آر درج کر لی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :