نوازشریف کی نااہلی کیلئے لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا مسترد

پیر 29 ستمبر 2014 16:03

نوازشریف کی نااہلی کیلئے لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا مسترد

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر 2014ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیر اعظم نواز شریف کی نا اہلی کیلئے لارجر بینچ تشکیل دینے کی زبانی استدعا مسترد کر دی ، جسٹس جواد ایس خواجہ کہتے ہیں لارجر بینچ بنانا چیف جسٹس کا اختیار ہے ، اس کیلئےعلیحدہ درخواست دائر کی جائے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے وزیر اعظم نواز شریف کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت کی ۔

درخواست گزار گوہر نواز سندھو نے موقف اختیار کیا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران فوج سے متعلق بیان میں کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری آرمی چیف سے ملاقات کے خواہشمند تھے جبکہ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے فوج سے معاملہ حل کرنے کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ چودھری نثار نے اپنے بیان میں کہا فوج غیر سیاسی ہے اور آئی ایس پی آر کا بیان حکومتی مشاورت سے جاری ہوا ۔

ان کا کہنا تھا وزیر اعظم فوج سے متعلق غلط بیانی کے بعد عہدے کے اہل نہیں رہے ۔ ایک دوسرے درخواست گزار اسحاق خاکوانی کے وکیل عرفان قادر نے کہا عدالت عظمیٰ کئی کیسز میں ارکان پارلیمنٹ کو نا اہل قرار دے چکی ہے ، اس کیس میں وزیر اعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دیا جائے اور الیکشن کمیشن کو نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم جاری کیا جائے ۔

جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا کہ اس کیس کو ہم نے ساڑھے گیارہ بجے کے قریب سننا چاہا ، درخواست گزار گوہر سندھو موجود نہیں تھے ، جج صاحبان نے لارجر بنچ میں بیٹھنا ہے، سماعت ملتوی کرنا پڑے گی۔ دوران سماعت عرفان قادر اور جسٹس جواد ایس خواجہ کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ۔ عرفان قادر نے کہا کہ ہمیں معلوم نہیں تھا کہ آپ اس کیس کو آؤٹ آف ٹرن بلائیں گے ۔

جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ ہم مان لیتے ہیں یہ ہماری غلطی ہے جس پر عرفان قادر نے کہا کہ یہ آپ کا نہیں حالات کا قصور ہے ۔ عدالت نے وزیر اعظم کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست کی سماعت کیلئے لارجر بنچ بنانے کی زبانی استدعا مسترد کر دی ۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے ریمارکس دیئے کہ لارجر بنچ تشکیل دینا چیف جسٹس کا اختیار ہے ، اس کیلئے علیحدہ درخواست دی جائے ، کیس کی سماعت دو اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :