Live Updates

دھرنے نے عمران خان کی سیاست کو ختم کردیا ہے،مخدوم جاوید ہاشمی

پیر 29 ستمبر 2014 17:33

دھرنے نے عمران خان کی سیاست کو ختم کردیا ہے،مخدوم جاوید ہاشمی

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے باغی صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ پہلے میں نے کہا تھا کہ یہ دھرنا تحریک انصاف پارٹی کے خاتمہ کا باعث ہوگا اور یہ دھرنا عمران خان کی سیاست کو ختم کرنے کی سازش ہے اور اس دھرنے نے عمران خان کی سیاست کو ختم کردیا ہے یہ بات انہوں نے سوموار کی سہہ پہر اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے معطل کرنے کا اختیار آئین کے تحت عمران خان کے پاس نہیں ہے۔ جہانگیر ترین کے پاس کیسے آگیا۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ سولہ اکتوبر ملتان کے لوگ ایک تاریخی فیصلہ کریں گے اور اس کے بعد ملک کی سیاست بدل جائے گی اور ایک مضبوط آئین تصور ابھرے گا اور جمہوریت کی راہ متعین ہوگی۔

(جاری ہے)

ملتان کے لوگوں نے پہلے بھی تاریخی فیصلے کئے ہیں اور جنگ آزادی میں بھی ملتان شہر نے جنگ لڑی تھی۔

پاکستان بنانے کے مرحلے میں بھی ملتان کے لوگوں نے آزادی کے حق میں ووٹ دیا تھا اور سب سیٹیں مسلم لیگ نے جیتیں تھیں انہوں نے کہا کہ 1977 ء میں بھٹو کے خلاف جو تحریک چلی تھی اس میں بھی ملتان کے لوگوں نے جنگ لڑی تھی اور اب بھی پاکستان میں جمہوریت کی جنگ ملتان کے لوگ ووٹ کے تقدس اور اختیار کو استعمال کرتے ہوئے میرے حق دیں گے۔ جمہوریت کی سربلندی ہوگی اور ملتان کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

انہو ں نے کہا کہ عمران خان سادہ آدمی ہیں پاکستان کے لوگ آج بھی ان سے محبت کرتے ہیں شیخ رشید عمران خان کو جمہوریت اور جمہوری عمل کو لپیٹنے اور شاہ محمود قریشی اقتدار حاصل کرنے کیلئے کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے بزرگوں نے انگریزوں کے وقت فائدے اٹھائے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ جب چاہیے اسمبلی توڑ دیں اور مڈٹرم الیکشن کا اعلان کردیں مگر وہ ایسا نہیں کریں گے۔

انہو ں نے کہا کہ وہ آج شاہ محمود سے پریس کانفرنس میں پوچھیں کہ وہ اسپیکر کے پا س استعفوں کی تصدیق کیلئے کیوں نہیں جاتے جبکہ اسپیکر بلا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ شاہ محمود ملتان میں کھڑے ہوکر کہہ دیں کہ میں نے استعفیٰ دے دیا ہے اسپیکر میرا استعفی منظور کریں مگر وہ ایسا نہیں کریں گے۔ مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ شاہ محمود نے عمران خان کی سادگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کا گھیرا تنگ کرلیا ہے۔

انہو ں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 149 میں الیکشن لڑنا تھا تو لڑ لیتے ان کا استحقاق تھا میں نے تو نہیں روکا تھا۔ اب پی ٹی آئی اپنا الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کے باوجود شاہ محمود عمران خان کو میرے خلاف استعمال کررہے ہیں انہو ں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت ملک کی ضرورت ہے اور عوام عمران خان کو پسند کرتے ہیں اگر وزیراعظم بنانا ہے تو عوام نے بنانا ہے شاہ محمود نے نہیں ۔

شاہ محمود عمران خان کی جڑیں کاٹنا چاہتے ہیں اور عمران خان کو سیاست سے آؤٹ کرکے خود اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسمبلی کا ایک حلقہ ملک میں سیاست کو بدل سکتا ہے تو اس حلقے کا ایک ووٹر بھی ملک کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کچھ لوگ لسانی بنیادوں پر سرائیکی نان سرائیکی کی بنیاد اور کچھ مذہب کی بنیاد پر میرے خلاف بول رہے ہین تاہم سولہ اکتوبر کو عوام تمام مسئلے حل کردے گی اور ان قوتوں کو شکست ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کے عوام مجھے کہتے ہیں کسی پارٹی سے ووٹ نہ مانگیں ہم آپ کے ساتھ ہیں ہم آپ کے رکھوالے ہیں انہوں نے کہا کہ شاہ محمود عمران خان کو استعمال کررہے ہیں اور شیخ رشید جو خود کو کبھی افواج پاکستان کا ترجمان کہتے ہیں کبھی عمران خان کے ترجمان بن جاتے ہیں انہو ں نے کہا کہ یہ جوکر ہے اور اصل میں یہ شیخ نہیں ہے یہ بٹ ہے اپنے آپ کو بٹ کیوں نہیں لکھتا جبکہ اس کے ماں باپ سب کہتے ہیں یہ بٹ ہے او رباقی بھائی بٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاست کو کھیل نہ بنائیں اور اپنے ساتھ جو لوگ چل رہے ہیں ان کو سمجھیں۔ میں تحریک انصاف سے الگ ہوکر آزاد الیکشن لڑ رہا ہوں مگر پھر بھی تحریک کے اندر جنگ ختم نہیں ہوئی آپس میں اختلافات موجود ہیں۔ پی ٹی آئی جو نوجوانوں کی حمایت سے آگے کی طرف بڑھ رہی تھی اس کو بریک لگ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور دوسری پارٹیوں نے چالیس سال سے زائد عرصہ میں نوجوانوں کو کچھ نہیں دیا اور نہ ہی انہیں تسلیم کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیسی تبدیلی یا انقلاب ہے کہ دو قائد علیحدہ علیحدہ بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور قادری کو چاہیے کہ وہ قوم کو مشترکہ ایجنڈا دیں لیکن ان دونوں ایجنڈا اسمبلی کو گرانا ہے۔ دونوں اکٹھے ہیں دونوں کے کنٹینر قریب قریب ہیں۔ تاہم جب حملہ کرنا ہوتا ہے یا گالی دینی ہوتی ہے تو ایک ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا نواز شریف سے کوئی تعلق نہیں ہے میں آزاد الیکشن لڑ رہا ہوں اور ملتان کے عوام مجھے الیکٹ کریں گے۔

میں نے پارٹیوں کی زنجیریں توڑ دی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شاہ محمود پارٹی دھڑے بندی کرکے پارٹی کو تقسیم کررہے ہیں۔ میں نوجوانوں کی جنگ لڑ رہا ہوں نوجوان میری حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں شاہ محمود اور جہانگیر ترین کو کچھ نہیں سمجھتا اس موقع پر حلقہ این اے 149 سے آزاد امیدوار محمد صدیق انصاری نے مخدوم جاوید ہاشمی کے حق میں دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے انہیں پھول پہنائے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :