نیب نے امیر حیدر ہوتی اور فردوس عاشق اعوان سمیت 5 افراد کے خلاف کرپشن تحقیقات کی منظوری دیدی

پیر 29 ستمبر 2014 18:52

نیب نے امیر حیدر ہوتی اور فردوس عاشق اعوان سمیت 5 افراد کے خلاف کرپشن ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر ہوتی اور سابق وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان سمیت 5 افراد کے خلاف تحقیقات کے آغاز کی منظوری دے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں نیب کے انتظامی بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں بدعنوانی کے پانچ بڑے مقدمات کی نگرانی کرنے کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سینیٹر اعظم ہوتی اور ان کی اہلیہ کے خلاف تحقیقات کی منظوری دینے کیساتھ ساتھ فردوس عاشق اعوان کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی۔ نیب کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی میں غیر قانونی بھرتیوں اور 12 سرکاری بسوں کو ذاتی استعمال میں رکھنے کا الزام ہے۔ امیر حیدر ہوتی نے 12 کروڑ 80 لاکھ روپے کی غیر قانونی ترسیلات زر کیں جس میں ان کی اہلیہ کا نام بھی شامل ہے۔ نیب کے مطابق سابق رکن اسمبلی رانا محمد اسحاق کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کیا جا رہا ہے جنہوں نے تحصیل پتوکی کونسل فنڈ میں 50 کروڑ روپے کا غبن کیا۔