Live Updates

عمران خان کا عیدالاضحی دھرنے میں منانے کا اعلان، کل نواز شریف کے جمع کرائے گئے اثاثے چیک کریں گے: کپتان

پیر 29 ستمبر 2014 22:22

عمران خان کا عیدالاضحی دھرنے میں منانے کا اعلان، کل نواز شریف کے جمع ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29ستمبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عیدالاضحی دھرنے میں منانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ عید کی نماز بھی دھرنے میں ادا کی جائے گی، یہ عید بڑی زبردست ہو گی، ہم ایک قوم بن کر نواز شریف سے احتساب شروع کرتے ہیں۔ آزادی مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ وہ جمعرات کو میانوالی میں جلسہ کرنے کے بعد واپس دھرنے میں آئیں اور عید قربان یہیں پر منائیں گے، میری بہنیں اور بچے بھی عید الاضحی دھرنے میں ہی منائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کارکنوں کے جذبے نے پاکستان کو تبدیل کر دیا، نئے پاکستان کا منشور، شہر شہر پہنچ گیا اور جب قوم جاگ جائے اور حقوق کا پتا چل جائے تو کچھ بھی ناممکن نہیں، ایک ہفتے کے نوٹس پر لاہور میں جلسہ کیا گیا اور اس جلسے میں جتنی عوام تھی کبھی کسی جلسے میں نہیں دیکھی۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ کل الیکشن کمیشن کو اثاثوں اور ٹیکس جمع کروانے کا آخری دن ہے، دیکھتے ہیں نواز شریف اصل اثاثے جمع کراتے ہیں یا نہیں، کل نواز شریف کے جمع کرائے گئے اثاثوں کو چیک کریں گے اور ان لوگوں کو پکڑیں گے جو صحیح اثاثے ڈکلیئر نہیں کرتے۔

عمران خان نے کہا کہ پورا ملک دیکھ رہا ہو گا، جب نواز شریف اثاثوں کی تفصیل جمع کرائیں گے۔ اسحاق ڈار نے لکھ کر دیا کہ نواز شریف کیلئے منی لانڈرنگ کی، اگر اسحاق ڈار سچ بول رہے ہیں تو نواز شریف کیسے وزیراعظم رہ سکتے ہیں اور اگر اسحاق ڈار جھوٹ بول رہے ہیں تو انہیں وزیر خزانہ نہیں ہونا چاہئے۔ عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کا خاندان لندن میں کتنا ٹیکس دیتا ہے اور یہاں کتنا دیتے ہیں؟

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات