وزیر اعظم کی نااہلی کیلئے لارجر بنچ کی درخواست سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر

منگل 30 ستمبر 2014 13:06

وزیر اعظم کی نااہلی کیلئے لارجر بنچ کی درخواست سپریم کورٹ لاہور رجسٹری ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30ستمبر 2014ء) تحریک انصاف نے وزیر اعظم کی نااہلی کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کی درخواست سپریم کورٹ رجسٹری لاہورمیں دائر کر دی ، دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے اراکین اسمبلی دوبارہ اسکروٹنی کیلئے دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیر اعظم نے اسمبلی کے فلور پر جھوٹ بولا ، وہ آرٹیکل باسٹھ ، تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے ۔

آئی ایس پی آر نے بھی وزیر اعظم کے بیان کی تردید کر دی تھی ۔ اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ انتہائی اہمیت کے حامل اس معاملے پر لارجر بنچ تشکیل دیا جائے اور وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دیا جائے ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ میں اراکین اسمبلی کی دوبارہ اسکروٹنی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی ۔ تحریک انصاف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی جائزہ رپورٹ میں واضح کہا ہے کہ عام انتخابات میں ریٹرننگ آفیسرز نے اسکروٹنی کا عمل درست طریقے سے ادا نہیں کیا جبکہ آرٹیکل 63،62پر بھی عمل نہیں کیا گیا ۔

اس لیے عدالت الیکشن کمیشن کو دوبارہ اسکروٹنی کا حکم دے ۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

متعلقہ عنوان :