سیاستدانوں کیلئے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانیکی ڈیڈ لائن میں توسیع

منگل 30 ستمبر 2014 19:56

سیاستدانوں کیلئے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانیکی ڈیڈ لائن میں توسیع

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30ستمبر۔2014ء) الیکشن کمیشن نے سیاستدانوں کے لیے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ڈیڈ لائن میں پندرہ دن کی توسیع کر دی۔ چودھری نثار،حمز ہ شہباز اور قائم علی شاہ نے بھی تفصیلات جمع کرا دیں۔ عمران خان، وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے ابھی تک اثاثے ظاہر نہ کئے۔عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت ارکان پارلیمنٹ کو ہر سال تیس ستمبر سے پہلے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرانا ہوتی ہیں تاہم تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت پندرہ اکتوبر سے پہلے معطل نہیں کی جا سکتی۔

اس بار بھی مقررہ تاریخ تک صرف پانچ سو پچپن ارکان نے تفصیلات جمع کرائی ہیں۔ اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے والوں میں قومی اسمبلی کے ایک سو اکیانوے اور سینیٹ کے باسٹھ ارکان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف، قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ ،وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور حمزہ شہباز نے بھی تفصیلات جمع کرا دی ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اثاثوں کے گوشوارے جمع نہ کرانے والے ارکان کو مزید پندرہ روز کی مہلت دی گئی ہے۔ قانونی سقم کے باعث مقررہ تاریخ سے قبل کسی بھی ممبر کی رکنیت معطل نہیں کی جا سکتی۔ پندرہ اکتوبر کے بعد اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی جائیں گی۔