پیشگوئی کر رہا ہوں18اکتوبر کے جلسہ عام میں بلاول بھٹو نواز شریف کو جھنڈی دکھادیں گے‘ شاہ محمود قریشی

بدھ 1 اکتوبر 2014 14:29

پیشگوئی کر رہا ہوں18اکتوبر کے جلسہ عام میں بلاول بھٹو نواز شریف کو جھنڈی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام میں تحریک انصاف کے موقف کی پذیرائی نے پیپلز پارٹی کو سوچنے پر مجبور کردیا ہے ،میری پیشگوئی ہے کہ 18اکتوبر کے جلسہ عام میں بلاول بھٹو زرداری نواز شریف کو جھنڈی دکھادیں گے،پی ٹی آئی صاف و شفاف الیکشن کی راہ ہموار کرنے کا مطالبہ کررہی ہے،ہمارا مقصد حکومت گرانا نہیں ،پی ٹی آئی کی تحریک سے عوام میں شعور آ گیا ہے اب کوئی بھی بڑا سگنل توڑے گا تو ” گو نواز گو “ کا نعرہ لگے گا ۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم گزشتہ 15، 16ماہ سے ملک میں شفاف انتخابی عمل کیلئے کوشش کررہے ہیں، پیپلز پارٹی نے بھی گزشتہ انتخابات کو ریٹرننگ افسران کا الیکشن قرار دے کر ہماری موقف کی تائید کی۔

(جاری ہے)

ہمارا مقصد حکومت کو گرانا نہیں ہے، تحریک انصاف پہلے ہی وزیراعظم نواز شریف کو مشورہ دے چکی ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات تک وزیر اعظم اپنی ہی جماعت کے کسی فرد کو اپنے عہدے پر مقرر کردیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مسلسل اکٹھے رکھنا کوئی معمولی کام نہیں، عمران خان بھی نہیں چاہتے کہ وہ ہمیشہ کنٹینر میں رہیں، کس کا دل نہیں چاہتا کہ وہ گھر والوں کے ساتھ عید منائے ، ہم بھی چاہتے ہیں کہ عید الاضحی گھر پرمنائیں لیکن ہم ایک مقصد کے لئے کوشش دے رہے ہیں اسی لئے عیدالاضحی کنٹینر پر منارہے ہیں، عید کے موقع پر نماز بھی ہوگی اور قربانی بھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صرف سندھ کی حد تک سکڑ گئی ہے اور اب یہ جماعت خیبر پختونخوا ہ اور پنجاب میں عوام کے لئے بے معنی ہوتی جارہی ہے۔ عوام میں ہمارے موقف کی پذیرائی کو دیکھتے ہوئے پیپلز پارٹی اپنی حکمت عملی تبدیل کررہی ہے، میں پیشگوئی کررہا ہوں کہ 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ عام کے دوران بلاول بھٹو زرداری نواز شریف کو جھنڈی دکھادیں گے۔