مشرف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے حوالے سے حکومتی اپیل کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

بدھ 1 اکتوبر 2014 15:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء) سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے حوالے سے حکومتی اپیل کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ۔ التواء کی درخواست پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے ایک روز قبل دائر کی تھی جبکہ رجسٹرار آفس نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کیلئے انعام الرحیم کی جانب سے دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی ہے اس کو باقاعدہ نمبر بھی الاٹ کردیا گیا ہے ۔

چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے بدھ کے روز حکومتی اپیل کی سماعت کی۔ اس دوران چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کو بتایا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے مقدمے کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کررکھی ہے کیونکہ وہ سپیشل عدالت میں پرویز مشرف کیس میں پیش ہورہے ہیں اس پر توفیق آصف ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ خصوصی عدالت مشرف کیس تین رکنی بینچ کے سربراہ نہ ہونے کی وجہ سے پہلے ہی جمعرات کیلئے ملتوی کرچکی ہے اس پر التواء نہیں بنتا ۔

(جاری ہے)

اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارے پاس درخواست ایک روز قبل آئی اس لئے منظور کی جاتی ہے اور مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کی جاتی ہے ۔ کرنل ریٹائرڈ انعام الرحیم نے سپریم کورٹ میں میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کی ای سی ایل سے نام نہ نکالنے کی جو درخواست دے رکھی تھی وہ سماعت کیلئے منظور کرلی گئی ہے اور اس کو 5173نمبر بھی الاٹ کیا گیاہے آئندہ سماعت میں یہ درخواست سماعت کیلئے حکومتی اپیل کے ساتھ لگائی جائے گی

متعلقہ عنوان :