صاف ہندوستان مہم: مودی جھاڑو لیے دہلی کی سڑکوں پر

جمعرات 2 اکتوبر 2014 22:42

صاف ہندوستان مہم: مودی جھاڑو لیے دہلی کی سڑکوں پر

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2اکتوبر۔2014ء) ہندوستان میں مہاتما گاندھی کے جنم دن کے موقع پر ’صاف ہندوستان‘ مہم کے تحت وزیر اعظم نریندرا مودی نے بذات خود جھاڑو لگا کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔اس مہم کا مقصد دنیا بھر کے سامنے ہندوستان کے بہتر تشخص کو اجاگر کرنا ہے جہاں انڈیا میں جگہ جگہ موجود گندگی کے ڈھیر اور کوڑا کرکٹ کے باعث دنیا بھر میں اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

واشنگٹن سے واپسی کے چند گھنٹوں بعد ہی پرعزم مودی جمعرات کو آستینیں چڑھا کر ہاتھ میں جھاڑو پکڑے نئی دہلی کی سڑکوں پر نکل آئے اور خود جھاڑو لگا کر ’باپو‘ کے جنم دن کے موقع پر منائے جانے والی عام تعطیل پر ’صاف ہندوستان‘ مہم کا افتتاح کیا۔مودی نے ٹی وی پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گاندھی نے ہمیں ’ہندوستان چھوڑو‘ کا نعرہ دیا اور عوام نے ان کے نعرے پر اکٹھا ہوتے ہوئے انگریزوں سے آزادی حاصل کی لیکن ’صاف ہندوستان‘ کا ان کا خواب ابھی تک شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

مئی میں برسر اقتدار آنے والے 64 سالہ مودی نے عوام صحت اپنی انتظامیہ کی پہلی ترجیحات میں سے ایک رکھی ہے اور پہلے ہی وعدہ کر چکے ہیں کہ تمام اسکولوں میں لڑکے اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ باتھ روم کی سہولت یقینی بنائی جائے گی۔اقوام متحدہ کے بچوں کے ادارے یونیسیف کی جانب سے جاری نئی رپورٹ کے مطابق 59 کروڑ سے زائد یعنی تقریباً آدھی ہندوستانی آبادی کھلی فضا میں رفع حاجت کرتی ہے جس سے گنجان آباد ملک میں بیماریوں کے پھیلنے کے امکانات بہت بڑھ جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :