لاکھوں فرزندان اسلام آج حج اکبر کی سعادت حاصل کریں گے

جمعہ 3 اکتوبر 2014 11:36

لاکھوں فرزندان اسلام آج حج اکبر کی سعادت حاصل کریں گے

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر 2014ء) لاکھوں مسلمان فریضہ حج کے مناسک کی ادائیگی میں مشغول ہیں۔ رات بھر منیٰ میں قیام کے بعد حجاج اپنی اگلی منزل مقام عرفات پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ۔ مناسک حج کے آغاز کے بعد لاکھوں حاجیوں نے گزشتہ رات منیٰ کے خیموں میں عبادات کرتے گزاری۔ آج حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفہ ادا کیا جائے گا۔ تمام عازمین اب عرفات کے میدان میں جمع ہو رہے ہیں جہاں مفتی اعظم مسجد نمرہ کے منبر سے خطبہ حج دیں گے۔

(جاری ہے)

نماز عصر تک میدان عرفات میں قیام کے بعد حجاج مغرب وعشا کی نمازیں مزدلفہ پہنچ کر ادا کریں گے۔ وقوف عرفات کے دوران حجاج اللہ رب العزت کے حضور خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں کریں گے۔ حجاج مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات قیام کے دوران رمی جمرات کے لیے کنکریاں چُنیں گے اور فجر کے بعد منیٰ روانہ ہو جائیں گے۔ منی ٰ میں حجاج صرف بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے۔ رمی کے بعد حجاج کرام جانور کی قربانی اور سر مُنڈوا کر یا بال کٹوا کر اپنا احرام کھول دیں گے۔ اس کے بعد خانہ کعبہ جا کر طواف زیارت کریں گے اور شکرانے کے نفل ادا کرنے کے بعد واپس منیٰ چلے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :