وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے میرٹ پر طلباء و طالبات کیلئے 1لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کرنے کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیاگیا

جمعہ 3 اکتوبر 2014 16:09

وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے میرٹ پر طلباء و طالبات کیلئے 1لاکھ لیپ ٹاپ ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 اکتوبر۔2014ء) وزیرایکسائز وٹیکسیشن ، خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ہوم اکنامکس کالج گلبرگ میں 279 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرکے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے میرٹ پر طلباء و طالبات کیلئے 1لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کرنے کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا،اب میٹرک کے امتحان میں 78فیصد اور زیادہ نمبر حاصل کرنے والوں کو بھی اس سکیم میں شامل کیا جائے گا،طلبہ کو حصول تعلیم کے لئے جدید سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں اور میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا پروگرام جاری رہے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ہوم اکنامکس کالج گلبرگ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے تیسرے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پولیس کے ایک چاک و چوبند دستے نے لیپ ٹاپ حاصل کرنے والی طالبات کو سلامی دی۔

(جاری ہے)

پولیس بینڈ بھی اس تقریب میں موجود تھا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن محمد عبداللہ سنبل ، پرنسپل ڈاکٹر سمیعہ کلثوم نے بھی خطاب کیا اور طالبات نے قومی نغمہ پیش کیا۔

ڈائریکٹر کالجز، وی سی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اور لاہور سے تعلق رکھنے والے کالجز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ حکومت نے گذشتہ چھ سال کے دوران شعبہ تعلیم کیلئے بجٹ بتدریج بڑھایاہے اور تعلیم کے لئے مختص بجٹ 274ارب روپے کل اخراجات کا 26.25فیصد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہائرایجوکیشن کے ترقیاتی بجٹ کے 14.5 ارب روپے،نئے کالجز کے قیام کے لئے 3.42 ارب روپے،کالجز میں ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے 1 ارب36 کروڑ روپے اور 3.50 ارب روپے طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دینے کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہونہار طلبہ کو سولر لیمپ فراہم کرنے کا پروگرام بھی جاری رکھے گی جو دور دراز کے سکولوں میں ڈراپ آؤٹ ریٹ کو کم کرنے میں مدد دے گا ، حکومت نے گزشتہ دور کے دوران اجالا پروگرام کے ذریعے 2.5 ارب روپے سے دو لاکھ طلبہ میں سولر لیمپ تقسیم کئے۔مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاکہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات خصوصا کم وسیلہ لوگو ں کے لئے تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کوترجیح دے رہی ہے اور انڈوومنٹ فنڈ ، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے وظائف اور دیگر وظائف و سہولتیں فراہم کرکے کم وسائل رکھنے والے طلباء و طالبات کو تعلیم کی معیاری و جدید سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ مسحق طلباء کو قومی دھارے میں شامل کیاجاسکے۔

مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ 2016 تک صوبے کے تمام بچوں کا سکولوں میں داخلہ یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو 7 ارب 50 کروڑ روپے فراہم کئے گئے ہیں ،فاؤنڈیشن کے زیر انتظام سکولو ں کی کل تعداد 3600 تک پہنچ گئی ہے جن میں 15 لاکھ طلباء و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ٹھوس اقدامات کی وجہ سے صوبہ کے سکولوں میں طلبا ء کی تعداد حقیقی معنوں میں 11 ملین سے تجاوز کر گئی ہے ۔

متعلقہ عنوان :