غلاف کعبہ تبدیل کردیا گیا، غلاف کی تیاری میں 150کلو گرام خالص سونا اور چاندی بھی استعمال کی گئی ،

غلاف کعبہ تیار کرنے کی فیکٹری 75سال قبل قائم کی گئی تھی،نیا غلاف دو کروڑ ریال کی لاگت سے670کلوگرام خالص ریشم سے تیار کیا گیا

جمعہ 3 اکتوبر 2014 19:31

غلاف کعبہ تبدیل کردیا گیا، غلاف کی تیاری میں 150کلو گرام خالص سونا اور ..

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر 2014ء)غلاف کعبہ گزشتہ روز تبدیل کردیا گیا،غلاف کی تبدیلی کا کام نماز فجرکے فوری بعد شروع کردیا گیا جو نماز عصر تک جاری رہا ۔اس مقصد کے لئے کاری گروں نے کعبہ کی چھت پر چڑھ کر اور اس کے چاروں طرف ہائیڈرالک سیڑھی سے بلندی پرجاکر مختلف ٹکڑوں میں تیار کئے جانے والے غلاف کعبہ کو سوئی دھاگے سے سینے کا کام کیا۔

(جاری ہے)

غلاف کعبہ 47حصوں پر مشتمل ہوتا ہے،ہر حصہ14میٹر طویل اور 95سینٹی میٹر چوڑا ہوتا ہے،اس کا مجموعی سائز658مربع میٹر ہے ۔نیا غلاف دو کروڑ ریال کی لاگت سے670کلوگرام خالص ریشم سے تیار کیا گیا ہے۔اس کی تیاری میں 150کلو گرام خالص سونا اور چاندی بھی استعمال کی گئی ہے اور اس پر بیت اللہ کی حرمت اور حج کی فرضیت اور فضیلت کے بارے میں قرآنی آیات کشیدہ کی گئی ہیں۔زمین سے تین میٹر کی بلندی پر نصب کعبہ کے دروازے کی لمبائی چھ میٹر او رچوڑائی تین میٹر ہے ۔غلاف کعبہ چار دیواروں کے علاوہ دروازے پر بھی آویزاں کیا جاتا ہے۔مکہ مکرمہ کے قریب غلاف کعبہ تیار کرنے کی فیکٹری 75سال قبل قائم کی گئی تھی۔