ٹویوٹا گاڑیوں کے مختلف ماڈل کے ممکنہ خریدار پریمیم نہ دیں اور مجاز ڈیلرز سے گاڑی کی جزوی ادائیگی پر اپنے آرڈر کی بکنگ کروائیں،انڈس موٹر کمپنی

جمعہ 3 اکتوبر 2014 23:02

ٹویوٹا گاڑیوں کے مختلف ماڈل کے ممکنہ خریدار پریمیم نہ دیں اور مجاز ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اکتوبر۔2014ء)انڈس موٹر کمپنی(آئی ایم سی) نے ٹویوٹا گاڑیوں کے مختلف ماڈل کے ممکنہ خریداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ پریمیم دینے سے بالکل منع کردیں اور وقت پر گاڑی کی فراہمی کیلئے کمپنی کے مجاز ڈیلرز سے گاڑی کی جزوی ادائیگی پر اپنے آرڈر کی بکنگ کروائیں۔کمپنی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ مارکیٹ میں صارفین سے وصول کیے جانے والی پریمیم کی مد میں رقوم سے کمپنی فائدہ اٹھا رہی ہے جبکہ حقیقت اس کے بالکل برخلاف ہے۔

آئی ایم سی پریمیم کے سب سے زیادہ مخالف ہے اور اولین کمپنی ہے جو جزوی ادائیگی پر گاڑی کی بکنگ پیش کررہی ہے۔ کار پریمیم ایک تباہی ہے جس سے آٹو انڈسٹری متاثر ہے۔ ہم نے اپنی پیداوار کو ایسے خطوط پر استوار کیا ہے جس سے وعدے کے مطابق گاڑی کی ڈیلیوری کو یقینی بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

ایسے صارفین جو جلد از جلد گاڑی حاصل کرنا چاہتے ہیں ان کا سرمایہ کار استحصال کرتے ہیں۔

پریمیم کی ادائیگی کرنے سے نہ صرف مصنوعی طور پر گاڑی کی قیمت میں اضافہ کیا جاتا ہے جبکہ حقیقی صارفین کیلئے بھی مشکلات پیدا ہوتی ہیں جو گاڑی کی ڈیلیوری کے لیے انتظار کرتے ہیں۔ کمپنی بیان میں تمام صارفین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کمپنی کی پیشکش کردہ جزوی ادائیگی پر بکنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور دیئے گئے مقررہ وقت میں گاڑی کی وصولی پر زور دیں۔

کمپنی کو بھی اس وقت چیلنجز درپیش ہوتے ہیں جب وہ بااثر کسٹمرز کو ترجیح دینے سے انکار کردیتی ہے اور ان سے کہا جاتا ہے کہ وہ اپنی باری کا انتظار کریں کیونکہ آئی ایم سی کے لیے تمام صارفین وی آئی پی ہیں اور اپنی پالیسی پہلے آئیں پہلے پائیں پر عمل کرتی ہے۔ آئی ایم سی ایک قانون کی پابند اور سماجی ادراک رکھنے والی کمپنی ہے اور اس کے رہنما اصول ، گورننس ماڈل کسی بھی غیر اخلاقی طریقہ کی اجازت نہیں دیتے۔

آئی ایم سی متوقع صارفین کیلئے ایک آگاہی مہم شروع کرے گی تاکہ وہ کوئی بھی غیرشفاف مطالبے کو پورا نہ کریں جو کسی بھی طرح انڈسٹری کے ریگولیٹڈ قیمت سے کم یا زیادہ ہو۔ صارفین کے لیے ایک ہاٹ لائن بھی قائم کردی گئی ہے جہاں وہ اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں۔ ان کی شکایات پر براہ راست آئی ایم سی کا کسٹمر ریلیشن ڈیپارٹمنٹ اقدام کرے گا۔