پولیس مقابلے میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے میں ملوث 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے

اتوار 5 اکتوبر 2014 15:10

پولیس مقابلے میں ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے میں ملوث 7 دہشت ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اکتوبر۔2014ء) سپر ہائی وے پر لاسی گوٹھ میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران ہونے والی جھڑپ کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، مارے جانے والے دہشتگرد ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے میں بھی ملوث تھے،دوسری جانب رینجرز نے سپر ہائی وے سے کالعدم تنظیم کے درجنوں ملزمان کو حراست میں لے لیا ۔

ایس ایس پی ملیر راﺅ انوار کے مطابق پولیس نے کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر لاسی گوٹھ میں کارروائی کی، سرچ آپریشن کے دوران ملزمان نے پولیس پر دستی بم سے حملہ کیا تاہم اس سے پولیس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، دستی بم کے حملے کے بعد پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والوں میں سے 3 کی شناخت امین، لال داد اور حضرت حسین کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ 4 کی شناخت اب تک نہیں ہوسکی۔راﺅ انوار کا کہنا ہے کہ مارے جانے والے دہشت گرد مقتول ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم پر حملے میں ملوث تھے اور وہ کارروائی کے بعد بیرون ملک فرار ہوگئے تھے تاہم اب یہ واپس آئے تھے اور یہ ملزمان عید الضحیٰ کے موقع پر دہشت گردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔دوسری جانب رینجرز نے سپر ہائی وے پر ہی کوئٹہ ٹاﺅن سے درجنوں ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، گرفتار کئے گئے 4 دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جبکہ اس دوران ایک ایس ایم جی اور بلٹ پروف جیکٹوں سمیت 17 مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد بھی ہوئے۔