شیخ رشید کو ن لیگ سے نہیں اپنے بھائیوں، بھتیجوں سے خطرہ ہے، چودھری عابد شیر علی،ذاتی طور پر شیخ رشید کا بہت احترام کرتا ہوں، جب وہ گندی مچھلی بیچتے ہیں تو دل دکھتا ہے

جمعرات 9 اکتوبر 2014 21:08

شیخ رشید کو ن لیگ سے نہیں اپنے بھائیوں، بھتیجوں سے خطرہ ہے، چودھری عابد ..

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9اکتوبر۔2014ء) وزیر مملکت پانی و بجلی چودھری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ شیخ رشید کو مسلم لیگ (ن) سے نہیں بلکہ اپنے بھائیوں اور بھتیجوں سے خطرہ ہے جنہوں نے شیخ رشید کی بہاولپور جیل کی اسیری کے دوران ان کی جگہ سنبھالنے کیلئے واسکٹیں پہن لی تھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کیا،چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ میں ذاتی طور پر شیخ رشید کا بہت احترام کرتا ہوں لیکن جب وہ گندی مچھلی بیچتے ہیں تو دل دکھتا ہے،نواز شریف اور شہباز شریف پر حملوں کا الزام لگاتے ہوئے انہیں شرم آنی چاہئے، سانحہ خیابان میں انواری گن مین سمیت دیگر کارکنوں کو الیکشن جیتنے کیلئے کس نے مروایا ساری دنیا جانتی ہے،انہوں نے کہا کہ ایک طرف شیخ رشید جس پریس کانفرنس میں کہتے ہیں کہ وہ مریم بیٹی اور حمزہ سمیت دیگر بچوں پر تنقید نہیں کرتے اسی پریس کانفرنس میں حسین نواز پر تنقید کرکے آخر وہ کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟۔

(جاری ہے)

چوہدری عابد شیر علی نے کہا کہ رشید بٹ سے شیخ رشید کیسے بنا ہمارا منہ نہ کھلوایا جائے تو بہتر ہے؟۔رشید بٹ پرگلوں بٹوں نے گندے انڈے پھینکے ہیں تو یہ ان کی برادری کا مسئلہ ہے وہ اس مسئلے میں حکومت کو خوامخواہ نہ الجھائیں،پرامن احتجاج اور جلسے جلوس ہر جماعت کا بنیادی حق ہے لیکن اگرجمہوریت کی ماں پارلیمنٹ ہاؤس پر حملہ کیا جائے گا، دوسری جماعتوں کی اعلیٰ لیڈر شپ کا گالیاں دی جائیں گی، ان کے پوسٹر اور بینرز پھاڑے جائیں گے ،دوسروں کے گھروں میں اجلاسوں میں ،قبرستانوں اور عید گاہوں میں گھس کر منفی نعرے لگائے جائیں گے تو دوسری طرف کے عوام کے جذبات کو کچلا نہیں جاسکتاایسے میں جذبات میں ردعمل بھی یقینی ہوگا،اسلیئے بہتر ہوگا کہ کارکنوں کو برداشت کا درس دیا جائے ،سیاست کو سیاست تک محدود رکھا جائے ذاتی دشمنیوں کو ہوا نہ دی جائے،انہوں نے مذید کہا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے بینڈ ماسٹر شیخ رشید کو ہم نے کبھی دھرنوں کا ماسٹر مائنڈ نہیں کہا ،وہ سستی شہرت کیلئے کچھ بھی کہہ سکتے ہیں اور کچھ بھی کرسکتے ہیں۔