حجاج سے بدتمیزی پر سعودی اہلکاربرطرف، تادیبی کارروائی کی جائیگی

جمعہ 10 اکتوبر 2014 12:10

حجاج سے بدتمیزی پر سعودی اہلکاربرطرف، تادیبی کارروائی کی جائیگی

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اکتوبر۔2014ء)سعودی عرب کے سیکیورٹی حکام نے مسجد حرام کے قریب حجاج کرام کیساتھ مبینہ بدکلامی کا مظاہرہ کرنے والے ایک اہلکار کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق حج آپریشن کے لیے تشکیل دی گئی سیکیورٹی فورسز کے ترجمان کرنل سامی الشویرخ نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو فوٹیج سامنے آئی تھی جس میں ایک سیکیورٹی اہلکار کو ایک حاجی کے ساتھ بدتمیزی کا مظاہرہ کرتے دکھایا گیا تھا۔

پولیس نے سیکیورٹی اہلکار کی شناخت کے بعد اسے عارضی طورپر ڈیوٹی سے ہٹا دیا ہے اور اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت تادیبی کارروائی کی جا رہی ہے۔

کرنل الشویرخ کا کہنا تھا کہ اللہ کے گھر کی زیارت کے لیے آئے مہمان قابل احترام ہیں اورکسی اہلکار کو اللہ کے مہمان کے ساتھ بدکلامی قطعا زیب نہیں دیتی۔

(جاری ہے)

یہ سیکیورٹی اہلکار کا ذاتی اور انفرادی فعل تھا جسے کسی صورت میں قابل قبول نہیں قرار دیا جاسکتا ہے۔

حجاج سے بدتمیزی کرنا سیکیورٹی ادارے کی مروجہ روایات اور اخلاقی اقدار کے بھی خلاف ہے۔خیال رہے کہ حال ہی میں حج کے دوران ایک ویڈیو فوٹیج سامنے آئی تھی جس میں مسجد حرام کے قریب ایک سیکیورٹی اہلکارکو ایک نامعلوم حاجی کے ساتھ اْلجھتے اور اسے برا بھلا کہتے دکھایا گیا تھا۔ سیکیورٹی اہلکار نے ایسا اس وقت کیا جب حاجی نے سیکیورٹی کے لیے رکھی گئی رکاوٹ عبور کرکے آگے بڑھنے کی کوشش کی تھی۔