پاکستان نے کنٹرول لائن پر جارحیت کے بھارتی الزامات مسترد کردیئے

جمعہ 10 اکتوبر 2014 13:01

پاکستان نے کنٹرول لائن پر جارحیت کے بھارتی الزامات مسترد کردیئے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اکتوبر 2014ء) پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر دراندازی اور بلااشتعال فائرنگ کے بھارتی الزامات مسترد کردیئے ہیں ۔ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باﺅنڈری پر دراندازی اور بلااشتعال فائرنگ کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانا درست نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بھارت مسلسل جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کررہا ہے، پاکستان نے ایل او سی پر فائرنگ شروع نہیں کی اور ورکنگ باﺅنڈری اور لائن آف کنٹرول پر صورتحال کا صرف جواب دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری لائن آف کنٹرول کی صورت حال کو دیکھ رہی ہے جبکہ اقوام متحدہ کا گروپ معاملے کی تحقیقات کے لئے موجود ہے بھارت اسے تحقیقات کی اجازت دے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیری عوام کی وکالت کرتا رہے گا اور کنٹرول لائن پر فائرنگ کرکے پاکستان کو مذاکرات کی میز پر نہیں لایا جاسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ بھارت نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باﺅنڈری پر غیر اعلانیہ جنگ چھیڑ دی ہے جبکہ کئی روز سے جاری بھارتی جارحیت کے نتیجے میں 13 افراد شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :