Live Updates

پشاور میں بھی بلاول ہاؤس بنے گا،عمران خان ملک میں جو جنت بنانا چاہتے ہیں پہلے خیبر پختونخواہ میں تو بنا لیں، آصف زرداری

ہفتہ 11 اکتوبر 2014 18:45

پشاور میں بھی بلاول ہاؤس بنے گا،عمران خان ملک میں جو جنت بنانا چاہتے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اکتوبر 2014ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے پشاور میں بھی بلاول ہاؤس بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں جو جنت بنانا چاہتے ہیں پہلے وہ خیبر پختونخواہ میں تو بنا لیں ،نئے پاکستان کی بات کرنے والے عمران خان 18سال کے نوجوانوں کو بیو قوف بنا رہے ہیں وہ پہلے خیبر پختونخواہ میں تبدیلی لا کر دکھائیں،حکومت کے دوران ہم سے بہت سی کوتاہیاں ہوئیں اور اس دوران کارکنوں سے بھی نہیں مل پایالیکن اب کھلے دل سے تحفظات اور تنقیدسنوں گا ،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سینے پر زخم کھائے ہیں ، بی بی کو معلوم تھاکہ الیکشن مہم کے دوران انہیں قتل کر دیا جائے گا لیکن وہ پھر بھی عوام میں نکلیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی خیبر پختوانخواہ کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینیٹر فرحت اللہ بابر ‘ راجہ پرویزاشرف اور کوثر مسعود سمیت دیگر رہنما بھی موجو د تھے۔ ملاقات کے دوران خیبر پختونخواہ کے عہدیداروں نے آصف علی زرداری کو اپنے مسائل اور تحفظات سے آگاہ کیا جبکہ اس موقع پر پارٹی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

آصف علی زرداری نے عہدیداروں کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مجھے صوبہ خیبر پختونخواہ اور اسکی عوام کو لاحق خطرات کا اندازہ ہے ۔اس صوبے نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کے طور پر کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کی بات کرنے والے عمران خان نوجوان نسل کو بے وقوف بنارہے ہے وہ ملک میں جو جنت بنانا چاہتے ہیں پہلے خیبر پختونخواہ کو تو جنت بنائیں ۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سینے پر زخم کھائے ہیں ۔جب بھٹو نے ملک کو ایٹمی پروگرام دیا تو اس پاداش میں ان کا عدالتی قتل ہوا اور پھر جب محترمہ نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی د ی تو انہیں کیا علم تھا کہ ان کی زندگی کا سودا ہوگیا ہے ۔ بی بی کو معلوم تھاکہ الیکشن مہم کے دوران انہیں قتل کر دیا جائے گا لیکلن وہ اسکے باوجود عوام میں نکلیں ۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت کے دوران ہم سے بہت سی کوتاہیاں ہوئیں اور اس دوران میں کارکنوں سے بھی نہیں مل پایالیکن اب جلد پشاور میں بھی ایک بلاول ہاؤس بنائیں گے تاکہ کارکنوں سے رابطے مضبوط کیے جا سکیں ۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر رحمان ملک ، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف اور یار محمد رند نے بھی آصف زرداری سے بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال خصوصاً18اکتوبر کو پیپلز پارٹی کے جلسے بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :