Live Updates

پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کے قائدین کی عدم موجودگی میں دونوں جماعتوں کے دھرنوں میں شریک کارکنان کی تعداد میں خاصی کمی ہو گئی

پیر 13 اکتوبر 2014 22:09

پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کے قائدین کی عدم موجودگی ..

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء ) شاہرا ہ دستور اور ڈی چوک میں جاری پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کے قائدین کی عدم موجودگی میں دونوں جماعتوں کے دھرنوں میں شریک کارکنان کی تعداد میں خاصی کمی ہو گئی،پاکستان عوامی تحریک نے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ انقلاب مارچ میں شریک افراد گھروں کو واپس لوٹ گئے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کارکنان ڈاکٹر طاہر القادری کے جلسوں میں شرکت کے لئے روانہ ہوئے ہیں اور ان کے ساتھ واپس آ جائیں گے۔

پیر کے روز موسم ابر آلود ہونے اور شاہراہ دستور پر پاکستان عوامی تحریک اور پاکستان تحریک انصاف کے قائدین کی عد موجودگی کے باعث دونوں دھرنوں کے شرکاء کی تعداد نہایت کم دیکھی گئی۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری جو کہ اپنے جلسوں کے سلسلے میں فیصل آباد میں موجود تھے کی عدم موجودگی میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی ایک واضح تعداد اپنے گھروں کو لوٹ گئی، دوپہر کے وقت جب ڈاکٹر طاہر القادری کے خطاب کو دھرنے میں لائئیو سنا جا رہاتھا تو اس وقت خطاب کو سننے والی خواتین کی تعداد 200 سے 250 تک تھی ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈاکٹر طاہر القادری کی موجودگی میں خواتین کارکنان کی تعداد 500-700 ہوتی تھی ۔ اسی طرح پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے میں شامل مرد حضرات کی تعداد میں بھی خاصی کمی دیکھی گئی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے ایک اعلی عہدیدار نے آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ دھرنے میں موجود اکثر افراد ڈاکٹر طاہر القادری کے جلسوں میں شرکت کے لئے روانہ ہوئے ہیں اور ان کے واپسی کے ساتھ ہی وہ بھی واپس آ جائیں گے۔

انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہانقلاب مارچ کے شرکاء اپنے اپنے گھروں کو واپس چلے گئے ہیں۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے میں شریک افراد جو کہ ابھی تک ڈی چوک میں موجود ہیں تقریبا 200 سے اڑھائی سو تک ہے جن میں سے اکثر افراددھرنے کے حوالے مختلف خدمات کی فراہمی کے سلسلے میں وہاں موجود ہیں اور ان میں سے کافی تعداد وہ ہے جو کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ ڈی چوک میں جاری دھرنوں میں آئے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے اکثر مقامی راہنماء اور قیادت جو کہ اپنے ساتھ پی ٹی آئی کے وفود لائی تھی اب ڈی چوک سے واپس لوٹ چکے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات