این اے 149ضمنی انتخابات، ضابطہ اخلاق جاری ، عام تعطیل کا اعلان

منگل 14 اکتوبر 2014 12:17

این اے 149ضمنی انتخابات، ضابطہ اخلاق جاری ، عام تعطیل کا اعلان

اسلام آباد، ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اکتوبر 2014ء) الیکشن کمیشن نے این اے 149میں ضمنی انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا جبکہ 16اکتوبر کو ملتان میں دفعہ 144نافذ ہوگا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق خواتین کو ووٹ سے روکنے ،پولنگ سٹیشن یابوتھ پر قبضہ ،کسی شخص کا ووٹ کاسٹ کرنا،پولنگ سٹیشن کی 400گزحدود میں کیمپ لگانا، ووٹرکو رشوت، ترغیب یا دھمکی دینا ، سرکاری عملے کو غلط کام پر آمادہ کرناجرم ہے اور ایسا کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

اعلامیہ میں بتایاگیاکہ الیکشن کمیشن کا عملہ کسی مخصوص جماعت کا نشان نہیں لگاسکتا، اسلحہ کی نمائش پر بھی سخت پابندی ہوگی اور سنگین خلاف ورزی کرنیوالا امیدوار نااہل ہوجائے گا ۔ ڈی سی او ملتان زاہدسلیم گوندل نے بتایاکہ 16اکتوبر کیلئے دفعہ 144نافذ کرکے عام تعطیل کا اعلان کردیاگیاہے اور کوئی بھی غیر متعلقہ شخص پولنگ سٹیشن کی حدود میں ٹھہرنہیں سکتا، اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی ۔