پیپلزپارٹی جند الله کی دھمکیوں سے گھرانے والی نہیں ، بلاول بھٹو کو ملنے والی دھمکی کی مذمت کرتا ہوں،سید یوسف رضا گیلانی

منگل 14 اکتوبر 2014 19:23

پیپلزپارٹی جند الله کی دھمکیوں سے گھرانے والی نہیں ، بلاول بھٹو کو ..

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اکتوبر۔2014ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی وائس چیئرمین اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی جند الله کی دھمکیوں سے گھرانے والی نہیں ہے اور میں بلاول بھٹو کو ملنے والی دھمکی کی مذمت کرتا ہوں یہ بات انہوں نے منگل کی دوپہر مقامی ہوٹل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آئین اور پارلیمنٹ کی بات کی ہے اور ملتان کے ضمنی انتخابات میں بھی آئین اور پارلیمنٹ کو مضبوط کرنے کیلئے حصہ لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کامشکور ہوں جوآئین اور جمہوریت کیلئے ملتان میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کی حمایت کررہے ہیں ان کا مشکور ہوں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی وفاقی جماعت ہے اور جس نے ہمیشہ آئین قانون اور پارلیمنٹ کی بات کی ہے‘ جمہوریت کی بات کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں ذوالفقار علی بھٹو ‘ بے نظیر بھٹو کی قربانیاں عوام کے سامنے ہیں اور آج عوام ان کی قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پیپلزپارٹی کی حمایت کررہے ہیں۔

کیونکہ پیپلزپارٹی منتخب اداروں‘ پارلیمنٹ آئین کو مضبوط کرنا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی نے مسلم لیگ چھوڑتے وقت بھی جمہوریت کی بات کی تھی اور اب پی ٹی آئی چھوڑ کر بھی جمہوریت کی بات کی ہے جاوید ہاشمی کا خیال تھاکہ ملتان میں پیپلزپارٹی ان کی حمایت کرے گی۔ پیپلزپارٹی بڑی جماعت ہے اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے پارٹی میں شمولیت سے مشروط کیا ہوا تھا ۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہم غیر جماعت انتخابات کے حق میں نہیں ہیں اور بلدیاتی انتخابات میں بھی جماعتی انتخابات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاوید ہاشمی کی حمایت مسلم لیگ ن کررہی ہے عمران خان کا تاثر ہے کہ وہ اس پارلیمنٹ کو تسلیم نہیں کرتے۔ وہ ٹیکس نہیں دینا چاہتے اور استعفے دیئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ ملتان کے ضمنی انتخابات مین ان کا کوئی امیدوار نہیں ہے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملک عامر ڈوگر آزاد امیدوار ہیں ان کو پی ٹی آئی کی حمایت حاصل ہے انہوں نے پیپلزپارٹی سے بے وفائی کی ہے اور پی ٹی آئی کیسے انقلاب لائے گی بے وفا لوگوں کی شمولیت سے ہم سیاسی جماعتوں کو مضبوط چاہتے ہیں اور سیاسی جماعتوں پر عوام کا اعتماد ہونا چاہیے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی کارکردگی کی بنیاد پر ملتان کے عوام ووٹ دیں گے کیونکہ پیپلزپارٹی نے این اے 149 میں انیس ارب روپے پینتیس ہزار لوگوں کو دیئے ہیں۔