اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے 212 ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل

بدھ 15 اکتوبر 2014 20:33

اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے 212 ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر۔2014ء) الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے دو سو بارہ ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی۔ معطل ارکان سینیٹ یا اسمبلی کی کسی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔سینیٹ کے دو اور قومی اسمبلی کے چالیس ارکان سمیت دو سو بارہ ارکان پارلیمنٹ نے مقررہ تاریخ تک اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ان کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

رکنیت کی معطلی کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق یہ ارکان سینیٹ یا اسمبلی کی کسی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ معطل ہونے والوں میں پنجاب اسمبلی کے اٹھانوے اور بلوچستان کے نو ارکان بھی شامل ہیں۔ سندھ اسمبلی کے اٹھائیس اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے تینتیس ارکان کی رکنیت بھی معطل کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

دانیال عزیز، قیوم سومرو، اویس لغاری غلام ربانی، شگفتہ جمانی، جعفر اقبال اور پیر صدر الدین کے نام بھی معطل ہونے والوں میں شامل ہیں۔

انتخابی قوانین کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کیلئے ہر سال تیس ستمبر تک گوشواروں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرانا ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن پندرہ اکتوبر کو تفصیلات جاری کرتا ہے۔ ارکان تیس ستمبر اور پندرہ اکتوبر کے درمیان بھی گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں لیکن معطل ہونے والے ارکان نے اس مدت سے بھی فائدہ نہیں اٹھایا۔

متعلقہ عنوان :