مودی کی کھلے عام دھمکیوں اورکنٹرول لائن پر فائرنگ سے انڈیا کے جارحانہ عزائم کا پول ایک بار پھر کھل گیا ہے،بھارت چھوٹے چھوٹے حملے کر کے بڑی جارحیت کی تیاری کر رہا ہے، اس کو منہ توڑ جواب دینا ہو گا،نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے دوران پاکستان کے خلاف جارحیت کی منصوبہ بندی کی گئی،پروفیسر حافظ محمد سعید

بدھ 15 اکتوبر 2014 20:51

مودی کی کھلے عام دھمکیوں اورکنٹرول لائن پر فائرنگ سے انڈیا کے جارحانہ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اکتوبر 2014ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مودی کی کھلے عام دھمکیوں اورکنٹرول لائن پر فائرنگ سے انڈیا کے جارحانہ عزائم کا پول ایک بار پھر کھل گیا ہے۔بھارت چھوٹے چھوٹے حملے کر کے بڑی جارحیت کی تیاری کر رہا ہے۔ اس کو منہ توڑ جواب دینا ہو گا۔ نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے دوران پاکستان کے خلاف جارحیت کی منصوبہ بندی کی گئی ۔

بھارت کی طرف سے مشرقی بارڈر پر مسلسل فائرنگ اور امریکی ڈرون حملے ملی بھگت کا نتیجہ ہیں۔سیاسی و مذہبی جماعتوں کی طرف سے کنٹرول لائن پر فائرنگ کے حوالے سے مضبوط ردعمل کا اظہار خوش آئند ہے ۔ بھارت نے پاکستانی دریاؤں پر غیر قانونی ڈیم بنا رکھے ہیں جن کے ذریعے وہ پانی روک کر ہماری فصلوں کو برباد کرتاہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز اپنے ایک بیا ن میں انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کنٹرول لائن پر مسلسل فائرنگ انتہائی تشویش ناک ہے اس کے پیچھے انڈیا اور امریکہ کی خوفناک منصوبہ بندی ہے ۔

ملک میں اتحاد و یکجہتی کی فضا ہموار کرنی چاہیے اور باہمی اختلافات ختم کر کے پوری قوم کو دفاع کے لیے تیار کرنا چاہیے ۔ جب قوم تیار ہوتی ہے تو بھارت جیسے دشمن کو 1965کی طرح منہ کی کھانا پڑتی ہے۔ ہمیں 1971کی طرح سازشوں کا شکار نہیں ہونا اور نہ ہی ہمیں کسی مدد کا انتظار کرنا ہے بلکہ ہم نے اپنی جنگ خود لڑنی اور قدموں پر کھڑا ہونا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک بھر کی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں تاکہ مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اکٹھا کر کے بھارتی جارحیت کے خلاف مضبوط موقف اختیار کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ اپنی شکست چھپانے کیلئے نئے پروگرام تشکیل دے رہا ہے اور افغانستان میں اپنی فوج کی جگہ انڈیا کی فوج کو بٹھایاجارہا ہے۔ اصل حقیقت یہ ہے کہ امریکہ و بھارت پاکستان کو دباؤ میں لاکر اپنے مذمو م منصوبے مکمل کرنا چاہتے ہیں اورمشرقی پاکستان کی علیحدگی کے بعد باقی ماندہ پاکستان کو بھی سخت نقصانات سے دوچار کرنا چاہتے ہیں۔

حافظ محمد سعید نے کہا کہ ہمیں اپنے دفاع کو مضبوط بنانا ہے پاکستانی فوج کے پیچھے پوری قوم کا سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونا بہت ضروری ہے ۔ ہمیں کسی مایوسی کا شکار نہیں چاہیے۔پاکستان اللہ کے فضل و کرم سے ایٹمی صلاحیت رکھتا ہے ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے جو اس وقت انڈیا کے قبضہ میں ہے ۔ بھارت نے پاکستانی دریاؤں پر غیر قانونی ڈیم بنا رکھے ہیں جن کے ذریعے وہ پانی روک کر ہماری فصلوں کو برباد کرتاہے اور شدید بارشوں کے موسم میں پانی چھوڑکر سیلاب کی صورتحال سے دوچارکر دیتا ہے ۔

ہمیں ہر صورت میں کشمیر واپس لینا ہے۔ اگرانڈیا بات چیت کے ذریعے یا اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرتے ہوئے کشمیریوں کو اُن کا حق خودارادیت دیتاہے توٹھیک ورنہ پاکستان کے دفاع اور بقاء کے لیے جنگ بھی کرنا پڑے تو اس سے گریز نہیں کرنا چاہیے ۔ پاکستان کی شہ رگ کشمیر کا فیصلہ ہر صورت ہونا چاہے اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کی آبی جارحیت اور کنٹرول لائن پر جارحیت سے متعلق دنیا کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے ۔