کراچی سینٹرل جیل میں سرنگ کھودنے والے مزید 10 دہشت گرفتار

قبضے سے جیل کا نقشہ، اہم دستاویزات، اسلحہ، لیپ ٹاپ اور خود کش جیکٹ سمیت دیگر سامان بھی برآمد ‘ذرائع

جمعہ 17 اکتوبر 2014 13:00

کراچی سینٹرل جیل میں سرنگ کھودنے والے مزید 10 دہشت گرفتار

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔7 1اکتوبر 2014ء) رینجرز نے سینٹرل جیل میں سرنگ کھودنے والے مزید 10 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے جیل کا نقشہ اور اہم دستاویزات سمیت اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق رینجرز نے گزشتہ دنوں گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کی نشاندہی پر کراچی کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، لیموں گوٹھ، نیو کراچی اور صفورا گوٹھ میں کارروائی کی جہاں سے سینٹرل جیل میں سرنگ کھودنے والے مزید 10 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے جیل کا نقشہ، اہم دستاویزات، اسلحہ، لیپ ٹاپ اور خود کش جیکٹ سمیت دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔

رینجرز ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں نے انکشاف کیا کہ انہیں 8 محرم کو جیل کے مرکزی دروازے پر خودکش حملہ کرنا تھا اور عاشورہ کی رات سرنگ سے جیل کے کنویں میں داخل ہونا تھا جہاں وہ سینٹرل جیل میں خود کش حملے کرتے اور جیل میں موجود اپنے 122 ساتھیوں کو فرار کراتے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں کی جانب سے سینٹرل جیل کے بیرک نمبر 25 اور 26 میں موجود قیدیوں کو چھڑانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا جسے رینجرز نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنایا، ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کی جانب سے کارروائی غوثیہ کالونی کے رہائشیوں کی مدد سے کی گئی جہاں ایک ضعیف خاتون نے دہشت گردوں کی مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دی تھی۔

دہشت گردی کی کوشش ناکام ہونے کے بعد جیل انتظامیہ نے سینٹرل جیل کی سکیورٹی انتہائی سخت کردی ہے اور جیل کے اطراف کے علاقوں میں رہنے والوں کے کوائف بھی جمع کرنا شروع کردیئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ رینجرز نے گزشتہ دنوں غوثیہ کالونی میں کارروائی کرکے سینٹرل جیل پر حملے کا منصوبہ ناکام بنایا تھا جہاں ایک مکان سے سرنگ برآمد کی گئی تھی اور دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا گیا تھا جبکہ رینجرز کے مطابق دہشت گرد سرنگ کے ذریعے سینٹرل جیل تک پہنچ کر اپنے ساتھیوں کو چھڑانا چاہتے تھے۔

متعلقہ عنوان :