مبشر لقمان اور ان کے پروگرام پر پابندی عائد

ہفتہ 18 اکتوبر 2014 00:47

مبشر لقمان اور ان کے پروگرام پر پابندی عائد

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اکتوبر۔2014ء) پیمرا (پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولرٹی اتھارٹی) نے اے آر وائی کے پروگرام ’کھرا سچ‘ اور اس کے اینکر مبشر لقمان پر پابندی لگا دی۔پیمرا کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے کے مطابق اتھارٹی نے لاہور ہائی کورٹ کے 17 اکتوبر کے حکم نامے (نمبرسی آر ایل،او آر جی نمبر 2070-ڈبلیو / 2014) کے مطابق پابندی عائد کی ہے۔

(جاری ہے)

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اے آر وائی نیوز ( اے آر وائی کمیوکیشنز پرائیوٹ لمیٹڈ) کو پابند کیا گیا ہے کہ کھرا سچ نامی پروگرام کیس کے فیصلے تک آن ائر نہیں کیا جائے گا۔یاد رہے کہ مبشر لقمان کے خلاف توہین عدالت کے حوالے سے کیس زیر سماعت ہے۔پیمرا نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ مبشر لقمان بطور اینکر یا مبصر اے آر وائے سمیت کسی بھی ٹی وی چینل پر نہیں آ سکتے۔اتھارٹی کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی کاپی تمام ٹی وی چینلز کو ارسال کر دی ہے تاکہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد ہو سکے۔اے آر وائی کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر اس نے احکامات کی تعمل نہ کی تو اس کے خلاف تادیبی کاروائی میں اس کا لائسنس منسوخ، جرمانے کی سزا یا دونوں سزائوں کا اطلاق کر سکتی ہے۔