ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے سندھ حکومت سے علیحدگی کے اعلان کا زونل انچارج و اراکین زونل کمیٹی کی جانب سے بھرپور خیر مقدم

پیر 20 اکتوبر 2014 20:32

ٹنڈو الہ یار(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20 اکتوبر۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ ٹنڈو الہ یار زون کے زونل انچارج نوید قائم خانی و اراکین زونل کمیٹی نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے سندھ حکومت سے علیحدگی کے اعلان کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے اور اس فیصلے کو نئے صوبوں کے قیام کی جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے ۔ اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے مزید کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے تمام شہری و دیہی علاقوں میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کرنے کی خاطر ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کی حکومت میں شمولیت اختیار کی ۔

مگر ماضی کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ ترین قیادت سمیت سندھ کابینہ کے اراکین کی جانب سے ایم کیو ایم کے اراکین اسمبلی اور وزراء کے ساتھ ہمیشہ متعصبانہ رویہ اختیار کیا جاتا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے اور سندھ کی عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر غور کرنے کے بجائے سندھ حکومت کے وزراء کی تمام تر توجہ ایم کیو ایم کے مینڈیٹ پر نقب لگانے اور متعصبانہ اقدامات کے ذریعے دیہی اور شہری سندھ کی تفریق کو مزید گہرا کرنے پر مرکوز رہی ۔

جس کے باعث سندھ کا عام شہری انتہائی پریشانی کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ ترین قیادت نے اپنی سیاسی اننگز کا آغاز دھماکہ خیز انداز میں کرنے اور میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کرنے کی خاطر قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیو ایم کو ہدف تنقید بنایا تاکہ انہیں زیادہ سے زیادہ کوریج حاصل ہو سکے۔ کراچی جلسے میں اگر کئی عشروں پر محیط پیپلز پارٹی کی حکومت کی کارکردگی اور سندھ کی عوام کے مستقبل کو روشن کرنے کے سے متعلق کسی ایجنڈے کا اعلان کیا جاتا تو شاید سندھ کی عوام اسے پذیرائی کی نظر سے دیکھتے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام اب اس حقیقت سے بخوبی واقف ہو چکے ہیں کہ جذباتی نعرے لگا کر ووٹ مانگنے والوں نے ہمیشہ لوٹ کھسوٹ کے ذریعے اپنی جائیدادوں میں اضافہ کیا ہے ۔ سندھ کا کوئی بھی گاؤں ، کوئی بھی یونین کونسل اور کوئی بھی ضلع ایسا نہیں کہ جسے پیپلز پارٹی حکومت مثال بنا کر دنیا کے سامنے اپنی کارکردگی کو پیش کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ماضی میں بھی اپوزیشن میں رہ کر عوام کی خدمت کا فریضہ بخوبی انجام دیا ہے ۔

مستقبل میں بھی عوام مسائل کے حل کے لئے ایم کیوایم اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی متعصبانہ حرکات نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی جدوجہد کو مزید تیز کرنے کا سبب بن رہے ہیں۔ اور ہر گذرتے دن کے ساتھ سندھ کی شہری عوام کے سامنے نسل پرست اور متعصب پیپلز پارٹی حکومت کا بھیانک چہرہ واضع ہوتا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام نوشتہء دیوار بن چکا ہے ۔ غاصب اور لٹیروں کا ٹولہ چاہے جتنی کوششیں کر لے سندھ سمیت ملک بھر میں نئے صوبوں کا قیام ہو کر رہے گا۔اور عوام کو بھیڑ بکریوں کی مانند سمجھنے والوں کے اقتدار کا سورج بلآخر غروب ہو گا۔

متعلقہ عنوان :