ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں کشیدگی، خورشید شاہ کی کرسی خطرے میں پڑ گئی

پیر 20 اکتوبر 2014 21:24

ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں کشیدگی، خورشید شاہ کی کرسی خطرے میں ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اکتوبر۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو عہدے سے ہٹانے اور نئے انتظامی یونٹس قائم کرنے سے متعلق دو قراردادیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہیں۔ قرارداد کے مطابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ ایوان میں اکثریت کی حمایت کھو بیٹھے ہیں۔ قرارداد میں مہاجروں سے متعلق اپوزیشن لیڈر کے بیان کی مذمت بھی کی گئی ہے۔

دوسری قرارداد میں ایم کیو ایم نے نئی انتظامی یونٹس بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر ایم کیو ایم کے رہنماء بابر غوری نے سیاسی رہنماء شیخ رشید سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کی بابر غوری سے صورتحال پر بات ہوئی ہے جس پر میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اعتماد میں لوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں قائد ھزب اختلاف خورشید شاہ جیسے سمجھدار سیاستدان نے یہ بیان سوچ سمجھ کر ہی دیا ہے۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی میں تین طلاقیں ہو گئی ہیں۔ اب صلح کی گنجائش نہیں ہے۔