ایران کا امریکہ ، برطانیہ اور اسرائیل کے جاسوس گرفتار کرنے کا دعویٰ

منگل 21 اکتوبر 2014 11:42

ایران کا امریکہ ، برطانیہ اور اسرائیل کے جاسوس گرفتار کرنے کا دعویٰ

تہران (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اکتوبر۔2014ء) ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے گذشتہ چند برسوں کے دوران ”یزد“ کے علاقے سے امریکہ ، برطانیہ اور اسرائیل کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں کئی افراد کو حراست میں لے لیا عرب میڈیا کے مطابق ایرانی اخبار ”اعتماد“ نے”یزد“ کے ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس کا ایک بیان نقل کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ جاسوسی کے الزام میں پکڑے گئے بعض افراد سرکاری محکموں میں اہم اور حساس عہدوں پر فائز تھے جو کئی دشمن ممالک کیلئے جاسوسی کرتے رہے ہیں ان میں کچھ جاسوس ایرانی انٹیلی جنس اداروں ہی میں ملازمت بھی کرتے تھے۔

ایرانی عہدیدار نے کاکہ دْشمن ممالک کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیے گئے درجنوں ایجنٹوں کے اسرائیلی خفیہ اداروں کے ساتھ روابط کی تصدیق ہوئی ہے تاہم ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس نے حراست میں لیے گئے مبینہ جاسوسوں کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جاسوسی کے الزام میں حراست میں لیے گئے تمام افراد کے خلاف مقدمات چلائے گئے ہیں۔

ان میں سے بعض ملزمان کو انقلاب عدالتوں سے سزائیں بھی دی گئی ہیں۔خیال رہے کہ گذشتہ برس ایرانی حکام نے دو قیدیوں کو جاسوسی کی پاداش میں پھانسی دے دی تھی ایرانی پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ محمد حیدری نامی ایک جاسوس پر اسرائیل کے خفیہ ادارے موساد کے ساتھ روابط اور رقوم کے بدلے اہم راز اسرائیل کو فراہم کرنے کا جرم ثابت ہو گیا تھا پھانسی پانے والے دوسرے ملزم کورش احمدی پر امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے کے لیے جاسوسی کا الزام عاید کیا گیا تھا۔