خورشید شاہ کی جگہ اپوزیشن بنچوں پر نہیں کابینہ میں ہے ،نواز شریف کو ایسا سرپرائز ملے گا وہ دیر تک یاد رکھیں گے‘ میاں محمود الرشید

منگل 21 اکتوبر 2014 19:56

خورشید شاہ کی جگہ اپوزیشن بنچوں پر نہیں کابینہ میں ہے ،نواز شریف کو ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے ممبر و قائد حزب اختلاف پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی جگہ اپوزیشن بنچوں پر نہیں کابینہ میں ہے، شاہ صاحب نے حکومت کی خدمت اور فرینڈشپ کا حق ادا کیا لہٰذا میاں نواز شریف اپنی کابینہ میں توسیع کے موقع پر خورشید شاہ کو نظر انداز نہ کریں۔

وہ گزشتہ روز پی پی 151 میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی طرف سے دئیے گئے عصرانہ میں خطاب کر رہے تھے،اس موقع پر شیخ محمد حسین، احسن جٹ، جی ایم شاہ، قیصر جاوید بٹ، ضمیر طارق خان، عثمان صدیقی، بابر مہدی، محمد احتشام و دیگر رہنماؤں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور عصرانہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں نے عمران خان کے خلاف سیاسی مخالفین کے پروپیگنڈے کو ناکام بنادیا ہے، اس وقت پوری قوم حکمرانوں کے خلاف یک زبان ہو چکی ہے نواز شریف کو ایسا سرپرائز ملے گا کہ وہ دیر تک یاد رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا کر کے سیاسی بحران کو گہرا اور اپنے مینڈیٹ سے غداری کی، دنیا کی جمہوری تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ اپوزیشن حکومت سے مل جائے اور عوام کے مفاد پر سودے بازی کر لی جائے۔ تحریک انصاف اسمبلیوں کے اندر ہو یا باہر حقیقی اپوزیشن وہی ہے، عمران خان ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی پارٹنر شپ توڑ دینگے۔ اسلام آباد کے دھرنے اور جلسوں نے دونوں جماعتوں کی اصلیت قوم کے سامنے رکھ دی ہے اور ملتان کے ضمنی الیکشن کا نتیجہ اس کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔