این اے 46 فاٹا سے تعلق رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی ناصر خان آفریدی کے فرزند زاہد خان آفریدی نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا

منگل 21 اکتوبر 2014 21:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر 2014ء) این اے 46 فاٹا سے تعلق رکھنے والے ممبر قومی اسمبلی ناصر خان آفریدی کے فرزند زاہد خان آفریدی نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف حیات آباد کے آفس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ شمولیت کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف فاٹا کے آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر امین زادہ آفریدی ‘ مشتاق آفریدی ‘ لعل ولی آفریدی ‘ طاہر آفریدی کے علاوہ پارٹی کے رہنماؤں جاوید آفریدی ‘ جمال آفریدی اور این اے 45 کے سابقہ امیدوار حاجی خان شید آفریدی اور دیگر موجود تھے ۔

تقریب کے شرکاء نے زاہد خان آفریدی کو اپنی طرف سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔

(جاری ہے)

مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنیوالا دور پاکستان تحریک انصاف کا ہے کیونکہ وفاقی حکومت ملک میں قیام امن ‘ ترقی و خوشحالی لانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت فاٹا میں امن کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کر رہی ہے الٹا فاٹا کے مختلف علاقوں میں آپریشنز شروع کرنے کو ترجیح دے رہی ہے جس سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ متاثرین بن گئے ہیں جس کیلء حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات بھی نہیں کئے جا رہے ہیں ۔