پشاور: صوبے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو مکمل اختیار دے دیا ہے،پرویزخٹک

منگل 21 اکتوبر 2014 21:34

پشاور: صوبے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو مکمل اختیار ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر 2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کو مکمل اختیار دے دیا ہے تاکہ کسی شک و شبے کی گنجائش باقی نہ رہے ہم نہ صرف یہ انتخابات کرانے میں پوری طرح سنجیدہ اور تمام اختیارات اور وسائل شہروں اور دیہات کی سطح پر عوام کو منتقل کرنا چاہتے ہیں بلکہ بلدیاتی نظام کو عوام کے بنیادی مسائل کا حل اور تعمیر و ترقی کی کنجی سمجھتے ہیں ہم نے بر سراقتدار آنے کے فوری بعد بلدیاتی انتخابات کی تیاری شروع کر دی تھی اور اس مقصد کیلئے حلقہ بندیوں کے علاوہ جامع بلدیاتی نظام تشکیل دیا جسمیں دوسرے صوبوں کے برعکس بیشتراختیارات اورمالی وسائل ویلج اور یونین کونسلوں کی سطح پر منتقل کئے مگر سپریم کورٹ کی طرف سے فیصلہ آنے پر اگلے مرحلے کا انتظار شروع کیا جبکہ ہم نے حال ہی میں بائیو میٹرک نظام کیلئے بھی قانون سازی کر دی ہے وہ ضلع نوشہرہ کے دورے کے دوران پہاڑی کٹی خیل میں حاجی سوداگر خان مرحوم اور پبی میں پی ٹی آئی کے رہنما ساجد خان لالا کے والد کی وفات پراظہار تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے وزیر اعلیٰ نے آپریشن متاثرین کے مسائل سے متعلق کہا کہ ہمیں انکا) بخوبی احساس ہے تاہم یہ خالصتاً وفاقی حکومت کا مسئلہ ہے جبکہ ہم چونکہ فاٹا کے بہن بھائیوں کو اپنے وجود کا حصہ سمجھتے ہیں اسلئے انکا دکھ سکھ بانٹنا بھی ناگزیر جانتے ہیں ہم نے نہ صرف انہیں صوبے میں آباد کیا اور انکی بنیادی سہولیات کا انتظام کیا بلکہ اپنے محدود وسائل کے باوجود انکے گھروں کے کرائے اورماہانہ مالی امدادپر مبنی ایثار پروگرام کا اجراء بھی کیا ہے پرویز خٹک نے نوشہرہ قومی محاذ کے اختیار ولی کی طرف سے نوشہرہ ہسپتال میں قبل ازوقت بھرتیوں سے متعلق الزامات کو رد کرتے ہوئے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت پر کرپشن کے الزامات سور ج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے اور واضح کیا کہ نوشہرہ ہسپتال کے افتتاح سے پہلے بھرتیوں کا الزام دیوانے کا خواب ہو سکتا ہے کیونکہ ابھی کوئی بھرتی نہیں کی گئی جبکہ ہماری حکومت نے کلاس فور کے سواء تمام ملازمین کی بھرتی میرٹ کی بنیاد پر این ٹی ایس کے ذریعے کرانے کی ریت ڈالی اور ہر سطح پر کرپشن کا خاتمہ کیا ۔