پرویز رشید کی ہالینڈ کے وزیر تعلیم، ثقافت اور سائنس جیٹ بسی میکر کے ساتھ ملاقات،

پاکستان کے بھرپور متنوع ثقافتی ورثہ کے متعلق آگاہ کیا

منگل 21 اکتوبر 2014 23:37

روٹر ڈیم(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اکتوبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے چھٹی ایشیاء یورپ وزرائے ثقافت کانفرنس کے موقع پر منگل کو یہاں ہالینڈ کے وزیر تعلیم، ثقافت اور سائنس جیٹ بسی میکر کے ساتھ ملاقات کی اور انہیں پاکستان کے بھرپور متنوع ثقافتی ورثہ کے متعلق آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی دو بڑی قدیم تہذیبوں گندھارا اور وادی سندھ کی سرزمین ہے جو تقریباً پانچ ہزار سال قبل وجود میں آئی۔

انہوں نے کہا کہ 80ء کی دہائی کے افغان بحرانوں کے پیش نظر متعدد مشکلات کے باوجود پاکستان کے عوام نے مثالی لچک کا مظاہرہ کیا اور ملک کی ثقافت اور آرٹ کو زندہ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں بالخصوص موسیقاروں اور گلوکاروں نے مغربی اور کلاسیکی امتزاج کے ساتھ اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور دنیا بھر میں موسیقی کی اس طرز میں اپنا نام پیدا کیا جسے فیوژن کہا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بھرپور ثقافتی ورثہ کے تحفظ اور میوزیم مینجمنٹ کے شعبہ میں ہالینڈ کو فنی مدد اور تعاون فراہم کرنے کے لئے کہا۔ ہالینڈ کی وزیر نے کہا کہ ان کا ملک تعلیمی شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے اور پاکستان کی خصوصی ضروریات پر ثقافتی ورثہ و نوادرات کے تحفظ اور میوزیم مینجمنٹ کے لئے استعداد کار میں اضافہ کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہالینڈ کا ادارہ برائے اعلیٰ تعلیم طلبہ کے تبادلہ کے پروگرام میں مدد دے سکتا ہے جبکہ آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلبہ ہالینڈ کے اداروں میں اپنی کلاسز میں شرکت کر سکتے ہیں۔ ہالینڈ کی وزیر نے لڑکیوں کی تعلیم کے لئے ملالہ یوسف زئی کی جرات اور کردار کی بھی تعریف کی جنہیں خواتین کی تعلیم کے لئے اس سال امن نوبل انعام عطاء کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک متاثر کن شخصیت ہیں اور نوجوان نسل کیلئے امید کی علامت ہیں۔ اس موقع پر ہالینڈ میں پاکستان کے سفیر معظم علی خان بھی موجود تھے۔