بھارت ہمارے اندرونی حالات کی آڑ میں فائدہ اٹھانا چاہتا ہے ‘ اپنی حفاظت کر نا جانتاہے ‘ وزیر دفاع

جمعرات 23 اکتوبر 2014 15:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 اکتوبر۔2014ء) وزیر دفاع خواجہ محمدآصف نے کہا ہے کہ بھارت ہمارے اندرونی حالات کی آڑ میں فائدہ اٹھانا چاہتا ہے ‘ اپنی حفاظت کر نا جانتاہے ‘ امن کی خواہش کی کمزوری نہ سمجھا جائے ‘ پاک فوج بھارتی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے ‘ تحریک انصاف کو بھی طاہر القادری کی تقلید کرتے ہوئے دھرنا ختم کر نا چاہیے ‘ پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں آ کر کر دار ادا کرے ‘ نندی پور پراجیکٹ کے حوالے سے آڈٹ کیا جارہا ہے ‘ تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کیا جائیگاجمعرات کو قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں ، مذہب اور نسل کی تفریق نہیں ہونی چاہئے اگر چھٹی ہو جائے تو اچھی بات ہے ، انہوں نے کہا کہ طاہر القادری نے دھرنا ختم کیا ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں، احتجاج کرنا ان کا حق ہے لیکن یہ دائرے میں کرنا چاہئے جس سے ملک کے مفادات کو نقصان نہ پہنچے، تحریک انصاف کو بھی ڈاکٹر طاہر القادری کی تقلید کرتے ہوئے دھرنا ختم کرنا چاہئے ،اب وہ جلسے کررہے ہیں ، جلسے بھی احتجاج کا احسن طریقہ ہیں۔

(جاری ہے)

دھرنے سے پاکستانی معیشت کو جو نقصان پہنچا ہے اس کو درست کرتے ہوئے مہینے نہیں سال لگ جائینگے، تحریک انصاف اس پارلیمنٹ کا حصہ ہے ، پارلیمنٹ نے اپنی تاریخ کا سب سے موثر کردار ادا کیا ہے، 2002ء سے 2008ء تک مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی نے پرویز مشرف کی حکومت کیخلاف جو جدوجہد کی ہے وہ سب کے سامنے ہے اس وقت جمہوری دور نہیں تھا مگر دونوں جماعتوں نے پارلیمنٹ کو موثر انداز میں استعمال کیا، تحریک انصاف اگر جمہوریت کی بالادستی چاہتی ہے تو وہ پارلیمنٹ میں آ کر کردار ادا کرے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے ہزارہ کمیونٹی یا دوسرے صوبوں کے لوگ اگر ہجرت کررہے ہیں تو اس ایوان میں بات ہونی چاہئے، انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارے اندرونی خلفشار کی وجہ سے جارحیت کررہا ہے، میرے حلقے سمیت تین حلقے براہ راست بھارتی جارحیت کا نشانہ بن رہے ہیں ، ہم دہشت گردی کیخلاف ایک تاریخی جنگ لڑ رہے ہیں مگر بھارت ہمارے اندرونی حالات کی آڑ میں فائدہ اٹھانا چاہتا ہے لیکن ہم اپنے ملک کی حفاظت کرنا جانتے ہیں اور ہماری افواج بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نندی پور پراجیکٹ کے حوالے سے آڈٹ کیا جارہا ہے جس کی تفصیلات سے ایوان کو آگاہ کیا جائیگا، سیاسی جماعتوں نے ملک میں جمہوریت اور اداروں کی حفاظت کیلئے جو کردار ادا کیا ہے وہ ایک تاریخ ہے ہماری ذمہ داری ہے کہ جمہوریت کے پودے کو تناور درخت بنا سکیں تاکہ آنیوالی نسلیں اس پر فخر کرسکیں، بعض غیر جمہوری قوتیں اور افراد جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتی رہتی ہیں مگر ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ جمہوریت کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں ، پارلیمنٹ نے متحد ہو کر اپنی بالادستی کو قبول کروایا ہے ۔

متعلقہ عنوان :