Live Updates

وزیراعظم بھارتی کمپنیوں کے ساتھ اپنے خاندان کے کاروباری مراسم کے حوالے سے حقائق کیسے جھٹلائیں گے؟،پی ٹی آئی کا استفسار

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 19:54

وزیراعظم بھارتی کمپنیوں کے ساتھ اپنے خاندان کے کاروباری مراسم کے حوالے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اکتوبر 2014ء ) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر شیریں مزاری نے شریف خاندان کے بھارتی کمپنی انڈکٹوتھرم(انڈیا) پرائیویٹ لمٹیڈ سے کاروباری لین دین کو بے نقاب کرتے ہوئے وزیراعظم سے استفسار کیا ہے کہ وہ بھارتی کمپنیوں کے ساتھ اپنے خاندان کے کاروباری مراسم کے حوالے سے حقائق کیسے جھٹلائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز کی جانب سے بھارتی کمپنی سے لوہے کی بھٹی خریدنے کے حوالے سے تمام تر تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد شریف خاندان کا ایک تسلسل کے ساتھ قوم سے بولا گیا جھوٹ بے نقاب ہو چکا ہے۔ تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات کا کہنا ہے کہ حیسن نواز نے انڈکٹوتھرم(انڈیا) پرائیویٹ لمٹیڈ نامی بھارتی کمپنی سے 3.3ملین ڈالرز میں انڈکشن فرنس خریدی جس کی ادائیگیوں کیلئے Hill Metal Bankکے اکاؤنٹ نمبر 462-75201-4567892 Al-Rajhi Bankجدہ سے Chase Manhattan Bank کے اکاؤنٹ نمبر 001-1-406717میں منتقل کی گئی اور یہاں سے بھارت کے شہر احمد آباد کے علاقے نرورنگ پورہ میں DDFC Bankمیں انڈکٹوتھرم(انڈیا) پرائیویٹ لمٹیڈ گجرات انڈیا کے اکاؤنٹ نمبر 00-62-000-7605میں منتقل کی گئی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ گجرات کے جلسہ عام میں چیئرمین تحریک انصاف نے بھارت وزیراعظم کے نفرت انگیز بیانات پر میاں نواز شریف کی ناقابل جواز خاموشی کو شریف خاندان کے بھارتی کمپنیوں سے کاروباری مراسم کا شاخسانہ قرار دیا تھا۔ اپنے بیان میں انہوں نے وزیراعظم نواز شریف سے استفسار کیا کہ وہ انڈکٹوتھرم کے ساتھ اپنے بیٹے کے کاروباری معاہدوں سے متعلق حقائق کیسے جھٹلائیں گے جب کہ پورا شریف خاندان کھلے بندوں بھارت کے ساتھ کسی قسم کے نجی کاروباری روابط یا لین دین سے ایک تسلسل کے ساتھ انکار کرتا رہا ہے۔ (عبدالستار)

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات