ڈاکٹر طاہرالقادری کا پاکستان عوامی تحریک کی اوورسیز تنظیموں کو بحال کرنے کیلئے بیرون ممالک کے دورے کرنے کا اعلان

ہفتہ 25 اکتوبر 2014 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اکتوبر 2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے بیرون ممالک کے دورے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا جینا مرنا اب پاکستان میں ہی ہے اگر سو مرتبہ بھی باہر جاؤں واپس اپنی عوام میں ہی آؤں گا ، دھرنا ختم کرنے کے لئے حکومت سے ڈیل ، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقاتوں میں کسی قسم کی کوئی صداقت نہیں ،دھرنوں کے ذریعے عوام میں شعور بیدار کرکے انقلاب تحریک کو اسلام آباد سے پورے ملک تک وسیع کردیا ہے ،عوامی تحریک آئندہ ہونیوالے کسی بھی ضمنی انتخابات میں حصہ لے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ہری پور حسن ابدال جلسے اور دھرنے سے لاہور پہنچنے پر اپنی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہم ملک بھر میں جلسے اور دھرنوں کا اعلان کررکھا ہے میں کینیڈا سے ملک و قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے آیا ہوں میرے مستقل باہر جانے کی اب کوئی گنجائش باقی نہیں تاہم پاکستان عوامی تحریک کی اوورسیز تنظیموں کو بحال کرنے کیلئے جیسے ہی ملک میں جاری جلسے جلوسوں اور دھرنوں سے فرصت ملا کرے گی بیرون ممالک کے دورے کیا کروں گاتاہم اگر میں سو مرتبہ بھی باہر جاؤں واپس اپنی عوام میں ہی آؤں گا کیونکہ میرا جینا مرنا اب پاکستان میں ہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اعتراض اور مخمصہ پیدا کرنیوالے عوام کو پریشان نہ کریں میرا اور عوام کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور لوگوں کے اعتماد کو میں نے کبھی بھی ٹھیس نہیں پہنچائی اب بھی قوم کو آگاہ کرکے جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک ملک بھر میں ہونیوالے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈیل کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں انقلاب برپا کرکے رہوں گا ۔

کرپٹ نظام تباہی کے دھانے پر کھڑا ہے عوام باشعور ہوچکے ہیں ہمارے جلسے جلوسوں کے ذریعے عوام نے تقویت پکڑ لی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ عوامی تحریک کو ملک کی سب سے بڑی جماعت بنائیں گے اس ضمن میں بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے اتحادی جماعتوں کا اجلاس طلب کرلیا ہے جس میں بھکر، کراچی وغیرہ کے جلسوں بارے بھی مشاورت کی جائے گی ۔

ایک اور سوال کے جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک نے سٹیٹس کو کو توڑ دیا ہے اسی بناء پر آج لاکھوں لوگ ہماری کال پر لبیک کہتے ہوئے آنا فانا شامل ہوجاتے ہیں اور جو لوگ مالی اور دیگر مجبوریوں سمیت اسلام آباد دھرنے میں شرکت نہیں کرسکے ان لوگوں کے پاس جاکر گرتی ہوئی دیوار کو دھکا لگانے کیلئے پیغام دیکر تحریک کو موثر بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب عوامی انقلاب کے سامنے کوئی دیوار کھڑی نہیں کرسکتا۔قبل ازیں پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری کے ماڈل ٹاؤن میں اپنی رہائشگاہ پہنچنے پر کارکنوں نے ان کو پرجوش استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں ۔