ایم کیو ایم کی کال پر شہر قائد میں مکمل ہڑتال، کاروباری مراکز بند

اتوار 26 اکتوبر 2014 12:14

ایم کیو ایم کی کال پر شہر قائد میں مکمل ہڑتال، کاروباری مراکز بند

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اکتوبر۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے بیان کے خلاف آج ملک بھر میں یوم سیاہ منا رہی ہے جب کہ سندھ کے بیشتر شہروں میں کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے بیان کے خلاف آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے جبکہ کراچی سمیت سندھ کے بیشتر شہروں میں کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

کراچی میں سڑکوں پر پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے ، بیشتر علاقوں میئں پٹرول پمپس بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے سربراہ ارشاد بخاری نے ایم کیو ایم کے یوم سیاہ کے باعث آج شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے جبکہ کراچی تاجر اتحاد نے بھی آج کاروبار بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کی جانب سے سہ پہر 3 بجے شاہراہ قائدین اور شارع فیصل کے سنگم پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ادھر حیدرآباد اور نواب شاہ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی یوم سیاہ منایا جا رہے جب کہ کاروباری مراکز بند اور پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر ہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما اور کارکنان زونل اور سیکٹر آفسز میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں اور خورشید شاہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل خورشید شاہ کی جانب سے لفظ مہاجر کو گالی قرار دینے کے خلاف ایم کیو ایم کی جانب سے سخت در عمل کا مظاہرہ کیا گیا اور درعمل کے طور پر ایم کیو ایم نے سندھ اور کشمیر اسمبلی سے پیپلز پارٹی کے ساتھ اپنا اتحاد ختم کردیا اور خورشید شاہ کو اپوزیشن لیڈر کی نشست سے ہٹانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :