Live Updates

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کینیڈین شہریت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، مختصر دورے پر کینیڈا ، برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں جائینگے،ملک بھر میں تنظیم سازی شروع کردی گئی، اتحادی جماعتوں کے ساتھ حکمت عملی بھی طے کرلی گئی، مسلم لیگ ق، سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کے علاوہ بھی ہم خیال جماعتوں کو ساتھ ملانے کیلئے عنقریب رابطوں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا،سیاسی اتحاد کیلئے تحریک انصاف سے بھی رابطے شروع کردیئے گئے، ذرائع

اتوار 26 اکتوبر 2014 18:09

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کینیڈین شہریت چھوڑنے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اکتوبر۔2014ء) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کینیڈین شہریت چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا، مختصر دورے پر کینیڈا ، برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں جائینگے،ملک بھر میں تنظیم سازی شروع کردی گئی، اتحادی جماعتوں کے ساتھ حکمت عملی بھی طے کرلی گئی، مسلم لیگ ق، سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت مسلمین کے علاوہ بھی ہم خیال جماعتوں کو ساتھ ملانے کیلئے عنقریب رابطوں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا،سیاسی اتحاد کیلئے تحریک انصاف سے بھی رابطے شروع کردیئے گئے ۔

باوثوق ذرائع نے ”آن لائن“ کو بتایاکہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائش گاہ پر اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مسلم لیگ ق ، مجلس وحدت مسلمین، سنی اتحاد کونسل اور پاکستان عوامی تحریک کی اعلیٰ سطحی قیادت نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلدیاتی انتخابات اور مڈ ٹرم انتخابات بارے تبادلہ خیال کیاگیا ۔

اجلاس میں ڈاکٹر طاہر القادری کی دہری شہریت کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جس پر ڈاکٹر طاہر القادری نے اپنے اہم فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ قومی اسمبلی کے انتخابات کیلئے اگر دوہری شہریت قربان کرنا پڑی تو دریغ نہیں کرینگے کیونکہ وہ ملک میں تبدیلی کیلئے آئے ہیں اور اب اپنے عوام سے وعدہ بھی کرچکاہوں کہ اب اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچاؤں گا ۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اس حوالے سے اتحادی جماعتوں سے بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی حاصل کی جس پر انہیں ق لیگ، ایم ڈبلیو ایم اور سنی اتحاد کونسل نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ڈاکٹر طاہر القادری عنقریب بیرون ملک دوروں پر بھی روانہ ہونگے اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں وہ کینیڈا اور برطانیہ جائینگے اور اس کے بعد دیگر ممالک میں اپنی تنظیم کو مزید فعال کرینگے۔

دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کی ملک گیر تنظیم سازی کا عمل شروع ہوچکاہے اور ڈاکٹر طاہر القادری کے بذات خود تنظیم سازی کے عمل میں پیش پیش ہیں اور اس کا افتتاح صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع ایبٹ آباد سے شروع کیاگیا ۔ذرائع نے مزید بتایاکہ وسیع تر اتحاد کیلئے تمام جماعتوں کو ٹاسک دیدیاگیاہے تاکہ اگلے مرحلے میں مزید ہم خیال جماعتوں کو شامل کرکے ایک مضبوط اتحاد قائم کیا جائے۔

ذرائع نے مزید بتایاکہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اجلاس میں اس نکتے پر بھی بات کی کہ تبدیلی کی لہر اصل میں ان کے مستقل دھرنا کے باعث کامیاب ہوئی اور اب اس کا پھل کسی اور نہیں کھانے دینگے اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف سے بھی رابطے کئے جائینگے اگر انتخابات میں عمران خان کی جماعت نے واضح طور پر اتحادی بننے کافیصلہ کیا تو ان کی جانب سے بھی بھرپور تعاون کیا جائیگا ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات