Live Updates

پاکستان، بھارت میں بہترلیڈر شپ نہ ہونے کے باعث مسئلہ کشمیر آج تک حل نہیں ہوسکا،عمران خان

جمعرات 30 اکتوبر 2014 13:40

پاکستان، بھارت میں بہترلیڈر شپ نہ ہونے کے باعث مسئلہ کشمیر آج تک حل ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اوربھارت میں بہتر لیڈر شپ نہ ہونے باعث آج تک حل نہیں ہو سکا،جنوبی ایشیا ء میں امن کیلئے مسئلہ کا حل ضروری ہے ،پاکستان اوربھارت کو خطے میں امن کے قیام اورغربت کے خاتمے کیلئے کوششیں کریں،مسائل کے حل کیلئے ہمیں ایک دوسرے سے سچ بولنا ہوگا،پاکستان ہندوستان کی جانب سے کئے جانیوالے کسی بھی حملہ سے نہیں ڈرتا ، ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کے ذریعہ اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان خوفزدہ ہوجائیگا تو یہ اس کی خوش فہمی ہے،آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی تنظیم سازی جلد مکمل کی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ٹی آئی آزادکشمیر شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ کیانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

شازیہ کیانی نے چیئر مین پی ٹی آئی سے آزادکشمیر میں پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے سے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے سنجیدہ کوشش کریں۔

مودی کو ہندوستانی عوام نے 100فیصد تائید میں ووٹ دیئے ہیں اور ان کی حکومت کو کسی بھی دیگر پارٹی کے اتحاد کی ضرورت بھی نہیں رہی لہذا عوام کے اس زبردست فیصلہ کو وہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کے لئے فراخدلانہ طورپر استعمال کریں ۔ عمران خان نے کہا کہ برصغیر میں بہت زیادہ غربت ہے لہذا دونوں ممالک جنگ کے متحمل نہیں ہو سکتے ۔دونوں ممالک اگر غربت کے خاتمہ کیلئے کام کریں تو بہتر ہوگا ۔

جنگ میں ہتھیاروں کی خریداری کے لئے کروڑہا روپیوں کو ضائع کرنے سے کوئی فائدہ نہیں۔ دونوں ملکوں کو چاہئے کہ وہ برصغیر میں پائیدار امن کیلئے کام کریں۔ علاوہ ازیں باہمی تجارت کو فروغ دینے کی جانب بھی توجہ دیں۔ عمران خان نے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی افواج کی جارحیت پر وزیراعظم پاکستان نواز شریف کی جانب سے کوئی مذمت نہ کئے جانے پر ان کو ہدف تنقید بنایا ۔

انھوں نے کہاکہ ایل او سی پر ہندوستانی افواج کی فائرنگ سے اب تک کئی پاکستانی شہید ہوچکے ہیں۔ عمران خان نے کہا ہم مودی کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان ہندوستان کی جانب سے کئے جانے والے کسی بھی حملہ سے نہیں ڈرتا ۔ ایل او سی پر فائرنگ کے ذریعہ اگر ہندوستان یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان خوفزدہ ہوجائے گا تو یہ ہندوستان کی خوش فہمی ہے ۔

پاکستان کسی بھی حملہ کا سامنا کرنے بالکل متحد ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے اور ملک میں اس وقت کرپشن کے خاتمے کی ضرورت ہے۔ موجود حکومت کرپشن کے خلاف نعرے لگا کر ایوانوں میں آئی اور پھر خود کرپٹ عناصر کو چھوٹ دینے میں مصروف ہوگئی ہے۔پی ٹی آئی اپنا دھرنا نئے پاکستان کے قیام تک جاری رکھے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات