Live Updates

ایمپائر سپریم کورٹ ہے، عمران خان کی وکٹ گر گئی، پرویز رشید

جمعرات 30 اکتوبر 2014 17:54

ایمپائر سپریم کورٹ ہے، عمران خان کی وکٹ گر گئی، پرویز رشید

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اکتوبر 2014ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے گزشتہ روز کے فیصلے کے بعد عمران خان دھرنا ختم کر کے پارلیمینٹ میں آئیں اور پارلیمانی کردار ادا کریں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ پاکستان میں اگر کوئی ایمپائر ہو سکتا ہے تو وہ سب سے بڑی عدالت ہی ہو سکتی ہے۔

عمران خان ایمپائر سے انگلی کھڑی کرا کے ہمیں آﺅٹ قرار دینا چاہتے تھے لیکن انہوں نے بار بار نو بال کرائیں اور اپنی ہی وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے عمران خان کے تمام الزامات کو اس بنیاد پر رد کر دیا ہے کہ الزامات کے ساتھ کسی قسم کی کوئی شہادت، گواہی یا کوئی ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

ہمارا یہ گمان کہ عمران خان اس عدالت میں ایمپائر کے روبرو شائد خود حاضر ہوں گے اور وہ الزامات جو گزشتہ مہینوں سے کنٹینر پر کھڑے ہو کر لگائے جا رہے ہیں ان کو سچ ثابت کرنے میں پٹیشنر کی مدد کریں گے لیکن ایسا نہیں ہوا، سپریم کورٹ کنٹینر سے اتنے فاصلے پر ہی تھی جتنا عمران خان باﺅلنگ کراتے وقت رن اپ لیتے تھے، لیکن وہ وہاں جانے کی جرت بھی نہ کر سکے۔


پرویز رشید نے کہا کہ یہ گمان بھی تھا کہ وہ اردو بازار کے کسی پرنٹنگ پریس سے چھپے ہوئے بیلٹ پیپرز پیش کریں گے جن کی بنیاد پر ان کے ساتھ ناانصافی کی گئی اور ہمارا خیال یہ بھی تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے سامنے یہ بھی ثابت کریں گے کہ کیسے ریٹرننگ افسران نے عمران خان کے انتخابات کو ناکام کیا، وہ سپریم کورٹ میں یہ بھی بتائیں گے کہ نواز شریف کی تقریر جو زیادہ تر انتخابی نتائج نشر ہوجانے کے بعد کی گئی، وہ کیسے انتخابات پر اثرانداز ہوئی، وہ سپریم کورٹ میں آ کے یہ بھی بتائیں گے کہ ان انتخابات میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کون سا ایسا کردار ادا کیا جو ان کیلئے نقصان دہ تھا۔

ہم یہ سمجھتے تھے کہ وہ سپریم کورٹ کو بتائیں گے کہ کیسے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے عام انتخابات کو متاثر کیا لیکن نا تو پٹیشنر عدالت عالیہ کے سامنے اپنے الزامات کو درست ثابت کر سکا اور نا ہی عمران خان کو یہ جرات ہوئی کہ وہ کنٹینر سے اتر کر سپریم کورٹ چلے جائیں،وہ ایمپائر کے سامنے پیش ہی نہیں ہوئے۔ اگر ایمپائر کے سامنے کھلاڑی پیش ہونے سے گریز کرتا ہے تو اس کے دو مطلب ہیں یا تو کھلاڑی سچا کھیل نہیں کھیل رہا اور اس میں صلاحیت نہیں ہے یا وہ کھلاڑی ایمپائر کے سامنے کھیل پیش کرنے کے قابل نہیں رہ گیا اور صرف اپنے کراﺅڈ اور خالی کرسیوں کے سامنے مقدمہ پیش کر سکتا ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ وہ عمران خان سے گزارش کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اب وہ اپنا دھرنا ختم کریں اور پارلیمینٹ میں تشریف لا کر پارلیمانی کردار ادا کریں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات