پیرس‘ ہزاروں کشمیریوں کی کشمیر کی آزادی کے حق میں احتجاجی ریلی‘ ریلی میں شامل افراد نے بھارتی سفارتخانے کے باہر دھرنا دیا

جمعہ 31 اکتوبر 2014 14:35

پیرس‘ ہزاروں کشمیریوں کی کشمیر کی آزادی کے حق میں احتجاجی ریلی‘ ریلی ..

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 اکتوبر۔2014ء) فرانس میں ہزاروں کشمیریوں نے کشمیر کی آزادی کے حق میں احتجاجی ریلی نکالی اور پیرس میں بھارتی سفارتخانے کے باہر دھرنا دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لندن کے ملین مارچ کی طرح فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے مطالبے کے حق میں ہاتھوں میں بڑے بڑے بینر لئے سینکڑوں لوگوں نے پرامن احتجاج کیا۔

جلوس کی قیادت سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کررہے تھے جبکہ اس میں نصف درجن کے قریب لیڈروں نے بھی حصہ لیا اس کے علاوہ احتجاج میں فرانس میں انسانی حقوق سے وابستہ جماعتوں کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔ احتجاج میں شامل لوگوں نے ہاتھوں میں بڑے بڑے بینر اور پلے کارڈ اٹا رکھے تھے جن پر ”ہم کیا چاہتے آزادی“ اور ”کشمیر میں رائے شماری کراؤ“ جیسے نعرے درج تھے۔

(جاری ہے)

احتجاجی ریلی میں شامل ہونے کیلئے مختلف رضاکار انجمنوں سے وابستہ لوگوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ جلوس میں شامل شرکاء نے بعد میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی دھرنا بھی دیا اور مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کیساتھ زیادتی بند کی جائے اور وہاں کے لوگوں کو اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے دیا جائے۔ بیرسٹر سلطان نے اپنے خطاب میں کہا کہ گذشتہ کئی دہائیوں سے کشمیری عوام اپنے حق کیلئے پرامن جدوجہد کررہے ہیں تاہم بھارت طاقت کے بل بوتے پر انہیں زیر کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کا اصل مقصد مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے تاکہ دنیا جان جائے کہ کشمیریوں کو کس طرح اپنے حق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ دریں اثناء احتجاج کے نتیجے میں پیرس کی اہم شاہراہوں اور بھارتی سفارتخانے کے اردگرد سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :