یونس کی ڈبل سنچری، 570 رنز پر اننگ ڈکلیئر

جمعہ 31 اکتوبر 2014 18:16

یونس کی ڈبل سنچری، 570 رنز پر اننگ ڈکلیئر

ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) آسٹریلیا کے خلاف یونس خان کی ڈبل سنچری اور کپتان مصباح الحق و اظہر علی کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے 570 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگ ڈکلیئر کر دی۔شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیل کا دوسرے دن کا آغاز ہوا تو اظہرعلی 101اور یونس خان 111 رنز پر کھیل رہے تھے۔دونوں کھلاڑیوں نے دن کا ابتدائی حصہ پراعتماد انداز سے گزار لیا اور اس دوران دونوں نے آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی طرف سے تیسری وکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ بھی قائم کردیا۔

اس سے قبل جاوید میانداد اور تسلیم عارف نے 225 رنز کی شراکت قائم کی تھی جبکہ یونس اور اظہر نے 236 رنز کی ساجھے داری قائم کی۔اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب اظہر علی، مچل اسٹارک کی گیند پر غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد کپتان مصباح الحق کی میدان میں آمد ہوئی جنہوں نے شروع سے ہی آسٹریلین باؤلرز پر حاوی ہونے کا منصوبہ بنایا اور تیز رفتاری سے بلے بازی کی۔

اس سے قبل یونس خان خاصے خوش قسمت ثابت ہوئے جب ناتھن لایون کی گیند پر قائم مقام وکٹ کیپر ڈیوڈ وارنر بلے باز کو اسٹنپ نہ کو سکے حالانکہ یونس اپنی کریز سے خاصے دور تھے۔کھانے کے وقفے کے بعد بھی دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور آسٹریلین باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی۔اس دوران یونس نے اپنے کیریئر کی پانچویں اور آسٹریلیا کے خلاف پہلی ڈبل سنچری اسکور کی جبکہ اگلے ہی اوور میں کپتان مصباح نے بھی اپنی چھٹی سنچری اسکور کر لی۔

مصباح چائے کے وقفے سے چند لمھات پہلے اسٹیون اسمتھ کی گیند کو سیدھا کھیلتے ہوئے انہیں ہی کیچ دے بیٹھے تاہم اس سے قبل وہ 101 رنز اسکور کر چکے تے۔چائے کے وقفے کے بعد یونس تیز رفتاری سے رنز بٹورنے کے چکر میں 213 رنز کی شاندار باری کھیلنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔اسد شفیق بھی اسی کوشش میں جلد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے اور صرف 21 رنز بنا سکے۔جب اسکور 570 تک پہنچا تو پاکستانی کپتان نے اننگ ڈکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔

متعلقہ عنوان :