مسلم لیگ (ن) کے اندر اختلافات کی خبریں بے بنیاد اور غلط فہمی پر مبنی ہیں۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان

جمعہ 31 اکتوبر 2014 18:52

مسلم لیگ (ن) کے اندر اختلافات کی خبریں بے بنیاد اور غلط فہمی پر مبنی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے اندر اختلافات کی خبریں بے بنیاد اور غلط فہمی پر مبنی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دھرنوں کے نتائج سے مایوس بعض عناصر مسلم لیگ (ن) میں اختلافات کا پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ سینیٹر مشاہدا للہ خان نے کہا کہ چھوٹی موٹی ناراضگیوں یا ذاتی آراء کو پارٹی اختلافات کا رنگ دینا مناسب نہیں ۔

انھوں نے کہا کہ فارورڈ بلاک بنے گا اور نہ کوئی پارٹی چھوڑ کر جائے گا ۔مشاہداللہ خان نے کہا کہ پارٹی کے ایک کارکن سے لے کر سینئر رہنماوٴں اور پارلیمان کے ارکان تک سب پارٹی کے قائد اور وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ افواہ سازوں کو ہمیشہ کی طرح اس بار بھی شرمندگی کا سامنا کرنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر رہتے ہوئے کسی فیصلے سے اختلاف ہونا بغاوت نہیں ہوتا بلکہ اختلاف ِ رائے ہی سے بہتر اور حتمی فیصلوں تک پہنچا جاتا ہے ۔ مشاہداللہ خان نے کہا تمام معاملات باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے طے کئے جاتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اگر جماعت کا کوئی رکن خیر خواہی کی بنیاد پر نیک نیتی کے ساتھ اختلاف رکھتا ہے ا سے بھی دور کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :