Live Updates

ملک میں تیل کی قیمتیں ہمارے دھرنے کی وجہ سے کم ہو رہی ہیں ، 30 نومبر کو بجلی کی قیمتیں کم کرنے اور سرکاری اداروں کی نجکاری روکنے کا مطالبہ کرینگے ، عمران خان ،

30نومبر تک الیکشن کمیشن سے کچھ مزید حلقوں میں دھاندلی کی تصدیق بھی ہو جائیگی اور نواز شریف کا استعفیٰ لیں گے ، اسمبلی میں استعفے قبول نہ کر نیکا ڈرامہ چل رہا ہے ، سپیکر کون ہوتے ہیں ہمارے استعفے نہ قبول کر نے والے ،خطاب

جمعہ 31 اکتوبر 2014 22:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں تیل کی قیمتیں ہمارے دھرنے کی وجہ سے کم ہو رہی ہیں ، 30 نومبر کو جب عوام کا سمندر دھرنے میں شامل ہو گا تو بجلی کی قیمتیں کم کرنے اور سرکاری اداروں کی نجکاری روکنے کا مطالبہ کریں گے اور اس وقت تک الیکشن کمیشن سے کچھ مزید حلقوں میں دھاندلی کی تصدیق بھی ہو جائے گی تو ہم نواز شریف کا استعفیٰ لیں گے۔

ڈی چوک میں جاری دھرنے سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود حکومت دھاندلی کر کے اقتدار میں آئی ہے اور اقتدار میں آ کر بھی ان سیاستدانوں نے اپنے اثاثے ڈیکلیئر نہیں کئے جبکہ الٹا ملکی اثاثے نجکاری پالیسی کے تحت بیچ رہے ہیں۔ عمران خان نے کہاکہ ہمارا دھرنا حکومت پر ایک پریشر ہے جو حکومت کو مختلف اقدامات کرنے پر مجبور کر رہا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہپونا اس کی ایک مثال ہے، حالانکہ یہ قیمت کم از کم 15 روہے فی لیٹر کم ہونی چاہئے تھی ، اب ہم 30نومبر کو بجلی کی قیمتیں کم کرنے اور نجکاری روکنے کے مطالبات سب سے اوپر رکھیں گے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہاکہ دھاندلی شدہ حکومت کا اصلی چہرہ عوام کے سامنے آ تا جا رہا ہے اور 7 نومبر کو عدالت میں این اے 122 میں دھاندلی کا مقدمہ بھی شروع ہونے جا رہا ہے، اب سپیکر ایاز صادق سٹے آرڈر کے پیچھے نہیں چھپ سکے گا اور پتہ چلے گا کہ اس شخص کے پاس ہمارے استعفے قبول کرنے یا نہ کرنے کا کوئی اختیار ہی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر تک نواز شریف کاکردگی بہتر کر لیں کیونکہ اس دن ہم ان سے کہیں گے کہ آپ حکومت نہیں چلا سکے ، آپ استعفیٰ دیں اور گھر جائیں کیونکہ اس دن تو حتمی فیصلہ ہونا ہے۔

عمران خان نے کہاکہ اسمبلی میں استعفے قبول نہ کر نے کا ڈرامہ چل رہا ہے ہمارے استعفے روکنے والے سپیکر کون ہیں ہم جعلی پارلیمنٹ کو نہیں مانتے ہیں اور اس پارلیمنٹ میں نہیں جانا چاہتے عمران خان نے کہاکہ کسی مغربی ملک میں عوام کے پیسے کو لوٹنے کی اجازت نہیں ہوتی اگر وہاں کوئی عوام کے پیسے پر ڈاکے ڈالا تو اسے جیل میں بھیج دیا جاتا ہے اور یہاں امیر اور غریب کیلئے الگ الگ قانون ہے غریب کو جیلوں میں ڈالا جاتا ہے زمین خریدنے کیلئے پٹواری کو پیسے دینے پڑتے ہیں انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن اسلام کے ٹھیکیدار بنے ہوئے ہیں وہ اسلام کے نام پر سیاست کرتے ہیں انہوں نے کہاکہ نواز شریف اپنے امپائر کے ساتھ کھیلتے ہیں

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات