وزیراعلیٰ پنجاب کا مسیحی جوڑے کے بچوں کیلئے50لاکھ روپے مالی امداد اور10ایکڑ اراضی دینے کا اعلان

جمعرات 6 نومبر 2014 18:13

وزیراعلیٰ پنجاب کا مسیحی جوڑے کے بچوں کیلئے50لاکھ روپے مالی امداد اور10ایکڑ ..

قصور /لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6نومبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف قصور کے علاقے کوٹ رادھا کشن کے نواحی گاوٴں میں زندہ جلائے جانے والے میاں بیوی کے گھر گئے اورمظلوم خاندان سے دلخراش واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکیا ۔وزیراعلیٰ نے مظلوم خاندان کے ساتھ ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گااورانصاف ہوتا ہوا بھی نظر آئے گا۔

ملزم قرار واقعی سزاسے نہیں بچ سکیں گے۔انہوں نے مظلوم خاندان کو دلاسہ دیتے ہوئے کہاکہ بربریت کے اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔وزیراعلیٰ نے زندہ جلائے جانے والے مسیحی جوڑے کے تینوں بچوں کیلئے 50لاکھ روپے مالی امداداورانہیں10ایکڑ اراضی دینے کا اعلان کیا ۔انہوں نے کہاکہ تینوں بچوں کی کفالت پنجاب حکومت کرے گی، انہیں تعلیم اورصحت کی مفت سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے مظلوم خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بربریت کے اس واقعہ پر میرادل انتہائی دکھی ہے اورمیرے پاس اس المناک واقعہ کی مذمت کیلئے الفاظ نہیں ہیں۔ میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گاجب تک مظلوم خاندان کو انصاف نہیں مل جاتا۔آپ کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے اورظالموں کو اس کا حساب دینا ہوگا۔ملزمان کے خلاف مقدمہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا۔

مظلوم خاندان کو ہر صورت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جیتے جاگتے انسانوں کو زندہ جلانا کہاں کا اسلام ہے۔نبی پاک نے امت کو تحمل ، برداشت، بردباری اورامن کا درس دیا ہے اور ہمارے پیارے نبی کی پوری زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ صوبے کے ہر شہری کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت اسے ہر صورت پورا کرے گی اور مظلوم خاندان کو بھی مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

انہوں علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنے پیرو کاروں کی رہنمائی کریں اورانہیں اسلام کی حقیقی روح سے آگاہ کریں کیونکہ اسلام کی بنیاد امن اورآتشی پر ہے۔وزیراعلیٰ نے مظلوم خاندان کی خواتین کے ساتھ ہمدردی اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور انصاف ہوتا ہوا بھی نظر آئے گا۔وزیراعلیٰ نے مقتول جوڑے کے بچوں کو گود میں لیکر پیاراورشفقت کااظہارکیااور مظلوم خاندان کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ،ترجمان حکومت پنجاب زعیم حسین قادری،ایم پی اے رانا ثناء اللہ،آئی جی پولیس پنجاب،کمشنر لاہور ڈویژن اوردیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے قصور کے علاقے کوٹ رادھا کشن میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کاجائزہ لینے کے حوالے سے منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قصور میں میاں بیوی کو زندہ جلانے کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے۔

پنجاب حکومت اس واقعہ کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے گا۔ میاں بیوی کو زندہ جلانے والے کسی رو رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام امن اور آشتی کا درس دیتا ہے۔اس افسوسناک واقعہ میں ملوث افراد عبرتناک سزا کے مستحق ہیں۔مجرموں کو عبرتناک سزا ہر صورت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ جیتے جاگتے انسانوں کو زندہ جلانا مذہب کے نام پر دہشت گردی کی ایک اور شکل ہے، جس کی اجازت کوئی بھی انسانی معاشرہ نہیں دے سکتا۔

مظلوم خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔ بدقسمتی سے معاشرے میں عدم برداشت کے رویوں کے جنم لینے کی بڑی وجہ یہی ہے کہ ہم نے نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو فراموش کر دیا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ معاشرے میں تحمل اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینا ہوگا۔مستقبل میں ایسے ہولناک واقعات کے سدباب کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کو آگے بڑھ کر اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔