ایمریٹس کے سیالکوٹ کیلئے فصائی سروس کے آغاز کا ایک سال مکمل ہوگیا

جمعرات 6 نومبر 2014 20:43

ایمریٹس کے سیالکوٹ کیلئے فصائی سروس کے آغاز کا ایک سال مکمل ہوگیا

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔6نومبر 2014ء) ایمریٹس کے سیالکوٹ کیلئے فصائی سروس کے آغاز کا ایک سال مکمل ہوگیا ہے ۔ ایمریٹس نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران سیالکوٹ خطے میں مسافر اور کارگو پہنچانے کے حوالے سے بہترین سہولیات فراہم کی ہیں ۔ 2013 میں آپریشنز کے آغاز سے اب تک ایمریٹس نے 79 ہزار سے زائد مسافروں کو سفر کی سہولیات فراہم کیں۔ اس روٹ پر تقریبا 80 فیصد لوڈ کی ضروریات کو پورا کیا جبکہ اس روٹ پر 2400 ٹن کارگو کی بھی نقل و حمل ہوئی۔

ایمریٹس کے شمالی افریقہ اور مغربی ایشیا کے وائس پریذیڈنٹ برائے کارگو کمرشل جثیم سیف نے بتایا کہ جب ہم نے سیالکوٹ کیلئے پروازیں شروع کیں تو ہمارے اولین مقاصد میں سے ایک مقصد یہ تھا کہ خطے کی معیشت میں اضافے کیلئے کارآمد بن کر باسہولت کارگو خدمات فراہم کی جائیں، اس روٹ پر ہماری کارکردگی شاندار رہی۔

(جاری ہے)

یہاں سے انتہائی زیادہ حجم کا کارگو یورپ، امریکہ اور افریقہ کی اہم مارکیٹوں میں بذریعہ دبئی پہنچایا گیا۔

ایمریٹس سیالکوٹ سے ہفتہ وار بنیادوں پر چار پروازیں آپریٹ کرتا ہے جس میں ایئربسA330-200 طیارے کی پرواز بھی شامل ہے۔ اس پرواز میں بزنس کلاس کیلئے 54 نشستیں جبکہ اکانومی کلاس کیلئے 183 نشستیں مختص ہیں۔ یہ طیارہ ایک پرواز کے دوران 17 ٹن کارگو بھی اپنے ہمراہ لے جاسکتا ہے جس کے باعث خطے میں تجارتی مواقع بڑھ رہے ہیں۔ باہر بھیجے جانے والے سامان میں جلد خراب ہونے والی اشیاء جیسے گوشت، پھل، سبزیاں، سائنسی اور جراحی کا سامان، آلات موسیقی، کھیلوں سے متعلق سامان، چمڑے سے تیار اشیاء ، ٹیکسٹائل، کپڑے اور دست کاری کا سامان شامل ہے ۔

اس کے علاوہ درآمدات میں ذاتی نوعیت کا سامان، گھریلو اشیاء ، ٹیکسٹائل، کپڑے، الیکٹرانکس، آٹو اسپیئر پارٹس اور کیمیائی مصنوعات شامل ہیں۔ سیالکوٹ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شمال مشرقی حصے میں واقع ہے۔ یہ لاہور سے 125 کلومیٹر شمال کی ضانب واقع ہے اور گجرات، سیالکوٹ اور گجرانوالہ کی برآمدی تکون برآمدات کیلئے ایک متبادل راہداری ایمریٹس کے صارفین کوفراہم کرتی ہے۔ سیالکوٹ شہر کھیلوں، ملبوسات، آلات جراحی، کٹلری، سیرامکس اور لیدر گارمنٹس کی تیاری کے حوالے سے مشہور ہے۔

متعلقہ عنوان :