کلوز سرکٹ کیمرے انسانی جانوں کے تحفظ کا وسیلہ بن گئے

پیر 10 نومبر 2014 14:01

کلوز سرکٹ کیمرے انسانی جانوں کے تحفظ کا وسیلہ بن گئے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10نومبر 2014ء)کلوز سرکٹ کیمرے انسانی جانوں کے تحفظ کا وسیلہ بن گئے،جیمرز اور مختلف مقامات پر نصب ہونے والے کیمروں سے شرپسند عناصر کی سرکوبی میں مدد مل رہی ہے۔ذرائع ابلا غ کے مطابق سائنسی ترقی کی بدولت انسانی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں نے انسانی معاشرہ کو وسعت دی جس سے مسائل پر قابو پانے کی انسانی استعداد بڑھ گئی ہے۔

یہ وہ آنکھ ہے جس کی پلک جھپکتی ہے نہ اسے نیند آتی ہے مگر اس آنکھ کی کارگزاری انسانی زندگی کے تحفظ کی ضامن ہو رہی ہے۔ کیمرے کی آنکھ سے 24 گھنٹے مسلسل نگرانی کے فرائض کی انجام دہی کو ممکن بنانا سائنس کے لاتعداد کرشموں میں سے ایک ہے۔ پر ہجوم مقامات پر آنے جانے والے کی نگرانی کرنے والے یہ چھوٹے آلات عوام کی جان و مال کے تحفظ کا بڑا وسیلہ بن گئے ہیں ، اس عہد جدید میں کیمروں اور جیمرز کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں بلکہ گورنمنٹ سیکٹر کے ساتھ ساتھ اب پبلک سیکٹر میں لوگ اس جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کچھ عرصہ قبل جرائم پیشہ افراد تعاقب کرنے والے پولیس اہلکاروں کو تو آسانی سے چکمہ دے لیتے تھے لیکن کیمرے کی آنکھ کو دھوکہ دینا ممکن نہیں ، 24 گھنٹوں کھلی آنکھوں والے خاموش نگرانوں نے جہاں جرائم پیشہ لوگوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں وہیں یہ تحقیقاتی اداروں کے لئے موثر اور کارآمد مواد کی فراہمی کا ذریعہ بھی بنے ہیں۔