تماشائیوں سے خالی اسٹینڈز، ٹیسٹ کرکٹ کے مستقبل پر خدشات بڑھ گئے

پیر 10 نومبر 2014 14:03

تماشائیوں سے خالی اسٹینڈز، ٹیسٹ کرکٹ کے مستقبل پر خدشات بڑھ گئے

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 10نومبر 2014ء) خالی اسٹینڈز نے ٹیسٹ فارمیٹ کے مستقبل پر خدشات بڑھادیے، پاکستان نے خالی سیٹوں کے سامنے آسٹریلیا کو تاریخ ساز شکست سے دوچار کیا، بھارت میں رواں ہوم سیزن میں ایک پانچ روزہ میچ بھی منعقد نہ ہوسکا، بنگلہ دیش میں جاری سیریز میں کوئی دلچسپی تک نہیں لے رہا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان نے یو اے ای میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز کردیا ہے اس سے قبل اس نے آسٹریلیا کے خلاف انہی گراوٴنڈز پر تاریخی کامیابی حاصل کی مگر ان کی اس شاندار فتح کا نظارہ کرنے کیلیے اسٹیڈیم میں بہت ہی کم لوگ موجود تھے، خالی اسٹینڈز کی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

صورتحال صرف یو اے ای میں ہی ایسی نہیں ہے بلکہ بھارت میں تو اس بار ہوم سیزن میں ایک بھی ٹیسٹ منعقد نہیں ہورہا، ویسٹ انڈیز سے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز ہونی تھی مگر وہ تو دورہ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے اور ان کی جگہ بھارت نے سری لنکا کو ہنگامی طور پر ون ڈے سیریز کھیلنے کیلیے راضی کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح بنگلہ دیش اور زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ سیریز ہورہی ہے لیکن بھارت میں کوئی بھی چینل اس کو نشر ہی نہیں کررہا یہ وہی چینلز ہیں جوکہ دنیا بھر میں ہونے والی ٹوئنٹی 20 لیگز کو اپنے ملک میں دکھانے کیلئے ایک دوسرے سے جھگڑتے پھرتے ہیں۔

ٹی 20 فارمیٹ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے سب سے زیادہ ٹیسٹ فارمیٹ کو متاثر کیا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ مختصرترین طرز کی کرکٹ کی وجہ سے کھلاڑیوں میں وہ ٹیمپرامنٹ ہی نہیں رہا جو کہ ٹیسٹ کرکٹ کی بنیادی ضرورت ہے۔ انگلینڈ کے سابق کپتان اینڈریو اسٹروس کا کہنا ہے کہ ہر گزرتے سال کے ساتھ ٹیسٹ کے حوالے سے تشویش بڑھتی ہی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :